نجم سیٹھی نے چیئرمین شپ کیوں چھوڑی؟

August 20, 2018

پی سی بی کے مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ چیئرمین بنے سال ہوا تھا ،2 سال باقی تھے لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے،عمران خان اب نئے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مستعفی چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک ویڈیو پیغام بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے استعفیٰ کی وجوہات اور مستقبل میں بورڈ کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بتایا ہے۔

ویڈیو بیان میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'مجھے سابق وزیر اعظم نے پی سی بی کے بورڈز آف گورنر کے لیے منتخب کیا تھا جس کے بعد بورڈ نے مجھےپی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔


ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اب کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف ہیں اور کرکٹ کے حوالے سے ان کا بڑا وژن ہے لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ انہیں اپنی ٹیم منتخب کرنے اور رکھنے کا فری ہینڈ ملنا چاہیے۔

سیٹھی نے مزید کہا کہ ہم نے کئی کامیابیاں حاصل کی جس میں پاکستان سپر لیگ اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہے، اس کے علاوہ بھی کئی کامیابیاں ہیں جنہیں دوہرانے کا وقت نہیں ، نئی ٹیم کو آنے والے چیلنچز سے آگاہ کرنا میری ذمہ داری ہے، سب سے پہلا چیلنج ہمیں پی ایس ایل کو پاکستان میں لانا ہے اور 8 سے 12 میچز منعقد کرانے کا قوم سے وعدہ ہے۔

سابقہ چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ دن رات کام کررہا ہے اور پی ایس ایل کوسب سے زیادہ خطرہ کرپشن سے ہے لہٰذا امید ہے کہ نئی ٹیم پوری توجہ دے گی اور ان معاملات پر سختی سے عمل کرے گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پر معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے میں نے اپنا بیان ریکارڈ کرنا ہے لہٰذا میں چیئرمین ہوں یا نہ ہوں، اپنا بیان ریکارڈ کرانے ضرور جاؤں گاجبکہ آخر میں انہوں نے پاکستانی قوم، ٹیم، فرنچائزز، حکومت، کرکٹ ٹیم، بورڈاور اور افواج پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔