شہباز شریف کی نیب میں پیشی، 2گھنٹے پوچھ گچھ

August 21, 2018

لاہور(خبر ایجنسی)پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے، نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے 2 گھنٹے تک میرٹ کے برعکس ٹھیکے دینے پر تفتیش کی۔ پنجاب کمپنیز اسکینڈل کی تحقیقات میں تیزی آ گئی، پاور ڈیولپمنٹ کمپنی میں میرٹ کے برعکس ٹھیکوں اور تعیناتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں تحقیقاتی ٹیم نے ایک گھنٹہ 46 منٹ تک ان سے سوال و جواب کئے۔شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کا ٹھیکہ میرٹ کے برعکس دینے کا حکم دیا جس سے منصوبے کی شفافیت پر تحفظات اٹھے۔ان پر یہ بھی الزام ہے کہ پاور ڈیولپمنٹ کمپنی میں ان کی ایما پر من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر تعینات کیا گیا جس سے سرکاری خزانے پر بوجھ پڑا۔نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے فراہم کئے گئے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد انہیں دوبارہ طلب کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔