’’وال میورلز‘‘ حقیقت کا گمان لیے خوبصورت نقش و نگار

September 06, 2018

زمانہ بدل رہا ہے اسی لئے ہمارے رہنے سہنے کے رنگ ڈھنگ بھی بدل رہے ہیں۔ ہم ایک دوسرے سے متاثر ہوتے ہیں، اسی لیےاگر کسی کے گھر میں کچھ دیکھتے ہیں تو چاہتے ہیں کہ ہمارے گھر میںبھی کچھ ایسا ہی ہو۔ ہاتھوںمیں پکڑے اسمارٹ فونز میں24گھنٹے چلنے والے انٹرنیٹکی مدد سے آپ گوگل کرکے کسی بھی اسٹائل ، پروڈکٹ یا سیلیبریٹی کے بارے میںمعلومات حاصل کرلیتے ہیں۔ اسی لیے جو چیز یا اسٹائل ہمارے معاشرے میںعام ہونے میں کئی سال لیتاتھا ، اب چند دنوںکے اندر ہی مقبول ہوجاتاہے۔ اور تو اور آن لائن شاپنگ نے یہ مشکل مزید آسان کردی ہے۔ ادھر آرڈر دیا اور ادھر مطلوبہ چیز حاضر، یعنی اگر آپ کو کوئی بھی وال میورل (دیوار پر نقش و نگار) یا وال پیپر درکار ہوں تو فون اٹھائیں اورمنگوالیں۔ ساتھ ہی آن لائن ویڈیوز یا ٹیوٹوریل کی مدد سے انہیںلگابھی لیں۔

وال میورلز اپنے مرکزی خیال، موضوع اورا سٹائل پر منحصرہوتے ہیں اور کمرے میں ایک شاندار اور خصوصی ماحول بناتے ہیں۔ دراصل یہ ایسی بڑی تصویریں ہوتی ہیں جن کو دیکھ کر حقیقت کا گما ن ہوتاہے ۔ اگر آپ قدرتی ماحول کے دلدادہ ہیں تو آپ کے کمرے کی ایک پوری دیوار کسی جنگل کا حصہ دکھائی دے سکتی ہے یا آپ کسی خوبصورت آبشار کے ساتھ بستر لگاکر سوسکتے ہیں۔

بیڈروم ہو یا ڈرائنگ روم، آپ کسی بھی ایک دیوار پر خوبصورت اور ٹرینڈی وال میورل لگا سکتے ہیں، جو نہ صرف آپ کے مزاج کے مطابق ہوبلکہ ایک تھکا ہوا دن گزارنے کے بعد ذہن کو تازگی بھی بخشے۔ بہت زیادہ سامان سے بھرا ہوا اور گہرے رنگوں سے پینٹ کیا گیا بیڈروم دماغ پر بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ یہ خیال بھی غلط ہے کہ بیڈروم کو سجانے کے لیے بہت سارا پیسہ چاہیے۔ آپ اپنے محدود بجٹ میں بھی اپنے ذوق کے مطابق اس کی سجاوٹ کر سکتے ہیں۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اگرآپ کا کمرہ مستطیل یا مربع شکل کا نہیں ہےتو اسی مطابقت سے آپ وال میورلز کا انتخاب کرکے اس کی اس خامی کو خوبصورتی میںڈھال سکتے ہیں۔ کمرے میں کسی قدرتی منظر، جیسے سمندر یا سورج کا کوئی میورل یا وال پیپر آپ کے کمرے کو منفرد بنادے گا۔

آپ وال میورل کے طور پر کسی جزیرے، آسمان پر اڑتے پرندوں، پاپ اسٹار ، سمند ر میں آدھے ڈوبے گلیشیئر، خزاں رسیدہ جنگل، ماضی کی یاد دلاتے خستہ حال قلعے یا محل، کسی تجریدی آرٹ، میوزیکل تھیم، سلہٹ میںبنے پراسرار کردار، سمندر کےا ندر تیرتی مچھلیاں یا جیلی فش، کہکشائوں سے سجا عنابی اورنیلا آسمان، سیاروں سے سجا فلک، قد آدم بوگن ویلا کے پھول، سمند ر کی لہروںمیںسرفنگ کرتے ہوئے لوگ، لامتناہی روشنی دکھاتے دلچسپ غار، بندرگاہ پرلنگرانداز بحری جہاز، اسکائی اسکریپرز، آرٹسٹک بس اسٹاپ (ٹائمز اسکوائر ہو تو کیا بات ہے)، چاند کی سطح پر کھڑے ہو کر نظر آنے والی زمین، پہاڑی چٹانوںپر بنا لائٹ ہائوس، وغیرہ اپنے کمرے کےلیے منتخب کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کا تخلیقی ذہن جو بھی بنوانا چاہے ، جو آپ کے مزاج پر اچھا اثر ڈالتا ہو وہ میورل بنوالیں، اس سے آپ کے گھر کو ایک نیا انداز بھی ملے گااور آپ کے مہمانوںکیلئے دلچسپی کا باعث بھی بنے گا۔

جنوبی امریکی ملک برازیل میں ایک فنکار نے سڑک پر دنیا کا سب سے بڑا میورل تخلیق کیاہے۔ ایوڈارڈو کوبرا نامی اس فنکار کے بنائےگئے شاہکار نے تکمیل سے قبل ہی دنیا کے سب سے بڑے میورل ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیاتھا۔اپنے میورل میں کوبرا نے مزدوروں اور دریا کو دکھایا ہے، جس میں مزدور کافی کے کوکووا بیج کشتیوں پر منتقل کر رہے ہیں۔ اس میورل کا مقصد مزدوروں اور محنت کشوں کی عظمت کو اجاگر کرنا تھا۔دنیا کے اس سب سے بڑے میورل کو بنانے میں4ہزار اسپرے کی بوتلیں اور300گیلن پینٹ استعمال ہوا۔ کوبرا نے اس سے قبل بھی اسپرے کے ذریعے دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ بنائی تھی، جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ اسپرے پینٹ سے بنایا گیا یہ فن پارہ ریو ڈی جنیرو میں61ہزار 354اسکوائر فٹ پر پھیلا تھا۔