کلفٹن،غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سرا،خواتین سمیت 11افراد گرفتار

September 12, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن پولیس نے سی ویو سمیت دیگر علاقوں میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سراؤں،خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ، تفصیلات کے مطابق کلفٹن پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب سی ویو اور اطراف کے علاقے میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواجہ سراؤں اور مالشیوں کے خلاف چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے پانچ سے زائد خواجہ سراؤں اور مالشیوں کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کرتے ہوئے انکے خلاف مقدمہ الزام نمبر 227/18 درج کرلیا ،ایس ایچ او جاوید ابڑو نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے خواجہ سراؤں میں سونیا، انعم، صنم، سپنا ، غزل اور دیگر شامل ہیں جبکہ مالشیوں میں اختر ، مبشر ، حسن اور عرفان سمیت دیگر شامل ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے خواجہ سرا اور مالشی سی ویو سمیت دیگر علاقوں میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور انکے خلاف پولیس کو شہریوں کی جانب سے شکایات کی گئیں تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا، گرفتاری کی اطلاع ملنے پر خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد کلفٹن تھانے پہنچ گئی اور تھانے کا گھیراؤ کرتے ہوئے پولیس کے خلاف شدید نعرےلگائے جس پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا،علاوہ ازیں کلفٹن پولیس نےدو خواتین سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والی خواتین کی شناخت نائلہ اور نادیہ اور بلال ذاکر کے نام سے ہوئی ہے،ملزم بلال ذاکر اپنے ساتھ خواتین کو سی ویو پر لاکر فحاشی کا دھندا کرواتا تھا اور کئی ماہ سے اس دھندے میں ملوث تھا ، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 228/18 درج کرلیا ہے۔