بابائے قوم کی نیک نیت اورپرخلوص سیاست کا نتیجہ پاکستان ہے ،حامد موسوی

September 12, 2018

اسلام آبا د(خصوصی نمائندہ)قائد تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی کی اسلام سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے دو قومی نظریے کو اجاگرکر کے چند سال کی محنت اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں کتاب ارضی پر پاکستان کا نام رقم کر دیا،بابائے قوم کی نیک نیتی ،خلوص اور صاف ستھری سیاست کی روشن دلیل یہ ہے پاکستان کا سرکاری مذہب اسلام ہے جسے مسلم دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل ہے،عشرہ محرم کے دوران مظلومیت کیساتھ عزائے حسینی کا اہتمام کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی مجلس برسی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے علامہ اقبال کے تصور کو عملی جامہ پہنایا اور 14اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان آفتاب و مہتاب بن کر طلوع ہوا ۔اب وطن عزیز اندرونی و بیرونی سازشوں سے دوچارہے ۔انہوں نے کہا کہ صد افسوس کہ ہر مسلم ملک اپنی الگ بانسری بجا رہا ہے جو استعمار کے مسلمانوں کو تنہا کرکے مارنے کا ایجنڈا ہے ۔انہوں نےکہا کہ تمام مسلم حکمران یاد رکھیں کہ ان کے تحفظ کا پہلا قلعہ پاکستان ہے اگر یہ نہیں تو وہ بھی سلامت نہیں رہیں گے ۔دریں اثناءحامدعلی شاہ موسوی نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ بہادر خاتون تھیں، ان کی جمہوریت کیلئے جدوجہد اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔