عمران خان صحیح معنوں میں کشمیریوں کی ترجمانی کریں، حافظ ادریس

September 13, 2018

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان شرکت کر کے بھارتی سازشوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔بھارت کے ان حربوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔ماضی میں عمران خان میاں نواز شریف اور آصف زرداری اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان پر تنقید کیا کرتے تھے کہ ان کی مسئلہ کشمیر پر کوئی کارکردگی نہیں وقت کا تقاضا ہے کہ وہ اس موقع پر صحیحمعنوں میں کشمیریوں کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پر واضح کیا جائے کہ جب تک مسئلہ کشمیر پر امن طور پر حل نہیں ہوگا بھارت کے ساتھ تعلقات خوشگوار نہیں ہوسکتے۔ حافظ ادریس نے کہا کہ آصف زرداری نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دے کر بھارت کے ساتھ تجارت شروع کی تھی اس فیصلے اور معاہدے کو بھی ختم کیا جائے۔ سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو ترجیح دی جائے۔ کشمیری عوام پاکستان سے جو توقعات رکھتے ہیں ان کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرپر توجہ دی جائے۔