وزیراعظم عمران خان کی مدینہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری، نوافل ادا کئے

September 19, 2018

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورہ کے دوسرے مرحلہ میں جدہ پہنچ گئے ہیں ، قبل ازیں پہلے مرحلے میں جب وہ مدینہ منورہ پہنچے تو ائرپورٹ پر مدینہ کے گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان اور پاکستان کے سفیر خان ھشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے انکا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین اورمشیرتجارت عبد رزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، عمران خان اور انکے وفد کی روضہ رسول کی زیارت کے لیے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ وزیر اعظم وفد کے ہمراہ ریاض الجنتہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہو ئے، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کیلئے وزیر اعظم کی آمد پر سیکڑوں پاکستانی مسجد نبوی میں جمع ہو گئے ۔ حاضرین نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے حق میں نعرے لگا ئے۔وزیر اعظم اور انکے وفد کی آمد کی موقع پر سعودی حکام کی جانب روضہ رسول کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ روضہ رسول کے دروازوں کا کھولا جانا اور زیارت کا شرف بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔