سندھ حکومت نے تھرپارکا کوئی مستقل حل نہیں ڈھونڈا،حلیم عادل شیخ

September 20, 2018

مٹھی (نامہ نگار) تحریک انصاف کا 4رکنی پارلیمانی وفد صوبائی رہنماء و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں مٹھی پہنچ گیا وفد میں ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ ، سنجے گنگوانی ، دعا بھٹو اور مقامی رہنماء بھی شامل تھے وفد نے دوسرے روز مٹھی کے قریب قحط سے متاثرہ گاؤں کپوسر میں پانی کے ٹینکر ز اور راشن تقسیم کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سندھ حکومت سندھ کی عوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے تھرپارکر کے لوگوں کے پاس پینے کا پانی تک نہیں ہے اور سندھ حکومت شاہانہ خرچوں میں مصروف ہے ۔ پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کپوسر کے گاؤں میں ایک ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں اور اب ا ن کے نام سے گندم جاری ہوگی اور وہ ان نمائندوں کے گھروں پر پہنچ جائے گی۔ سندھ حکومت کے 750آر اوپلانٹ ہمیں کہیں نظر نہیں آرہے ہیں معصوم بچے جان سے جارہے ہیں مگر سندھ حکومت سب اچھا کی رٹ میں مصروف ہے دنیا کے ریگستان آباد ہیں اور ہمارا ریگستان خون پی رہا ہے سندھ حکومت نے تھرپارکر والوں کے لیے کوئی مستقل حل نہیں ڈھونڈا تھرپارکر کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں مگر سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہر سال بچے مرجاتے ہیں بچوں کیساتھ اب جانوروں کے علاوہ موروں کے مرنے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے سندھ حکومت کے افراد صرف مٹھی کا طواف کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔اس وقت بھی مٹھی میں 50کے قریب بچے ایڈمٹ ہیں جو مسیحاؤں کے منتظر ہیں مٹھی اسپتا ل کا بجٹ ڈبل کرنے کا سندھ حکومت کا اعلان دھرا کا دھرا رہ گیا ، آراوپلانٹس کی آڑ میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن ہوئی۔ نجی کمپنی کو پہلے سے ہی پیسے ادا کرنا کرپشن کی نشانی ہے گندم کی تقسیم میں متاثرین کو نظرانداز کرکے صرف مٹھی شہر میں من پسند افراد کو دی جارہی ہے ایک ماہ گزر گیا مگر تاحال سندھ حکومت نیند سے بیدار نہیں ہوئی ہم یہاں سے ساری صورتحال پر ایک رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے جہاں جہاں سندھ حکومت ناکام ہوگی وہاں وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی تھرپارکر کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔