پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے سینئر کھلاڑیوں کے مشورے

September 23, 2018

سابق اور موجودہ کرکٹرز نے پاک بھارت ٹاکر ے کے لیئے قومی کرکٹرز کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی فیلڈنگ کو بہتر کریں، اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں،غلطیوں کو نہ دہرائیں ، مڈل آردڑ بیٹسمین پریشانی سے باہر نکلیں، بھارت کو ہرانا مشکل نہیں ہے ۔

سابق کپتان انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن مڈل آرڈر بیٹنگ مشکلات سے دو چار ہے اور بیٹسمین جس طرح آؤٹ ہو رہے ہیں وہ قابل قبول نہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر شفقت رانا نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا کہ گرین شرٹس کو اپنی فیلڈنگ بہتر بنانا ہوگی، اچھی فیلڈنگ کے بغیر میچز جیتنا مشکل ہوتا ہے اور فہیم اشرف کو بھارت کے خلاف موقع دینا چاہیے۔

قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز صہیب مقصود نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ کرکٹ کے تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔

کرکٹر سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ بیٹسمین دباؤ کا شکار معلوم ہوتے ہیں اور بھارتی بولروں کے خلاف غیر ضروری شاٹس کھیلنے سے گریز کرنا ہوگا۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا جب کہ ٹیسٹ کرکٹر محمد عرفان نے کہا کہ قومی ٹیم کو شعبہ فیلڈنگ میں بہتری لانا ہوگی اور اگر پاکستان ٹیم غلطیاں نہیں دہرائے گی تو جیتے گی۔