سیپک ٹاکرا فائنل میچز میں ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

September 24, 2018

کورات سٹی، تھائی لینڈ، ( نمائندہ خصوصی) کنگزکپ سیپک ٹاکرا ورلڈ چیمپئن شپ کے آغاز سے قبل ہفتے کو منیجرز میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے منیجرز نے شرکت کی۔ 2018ء ٹورنامنٹ میں30ممالک کے512کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔تقریب کے موقع پر انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر چارک اریراچاکرن کی اہلیہ کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کی صدارت انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا کے سیکرٹری جنرل داتو عبدالحلیم کادر نے کی ۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اورکئی نئے ممالک نے کنگز کپ میں شرکت کیلئے اپنی ٹیمیں ٹیکنیکل آفیشلز بھیجے ہیں۔ موجودہ ٹورنامنٹ کے دوران ڈوپنگ ٹیسٹ کے عمل کو اپنایا جارہا ہے اور فائنل میں کھلاڑیوں کا ڈوپ ٹیسٹ ہوگا اگر اس میں کسی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس کو چار سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ اس کے کوچ کو دو سال کیلئے انٹرنیشنل ایونٹس سے باہر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی کھلاڑی نے ٹیسٹ دینے سے انکار کیا تو اس کے خلاف ضابطہ اخلاق کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس لئے تمام ممالک کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے درخواست کروں گا کہ وہ اس سلسلے میں محتاط رہیں۔ ہم تمام ڈوپنگ ٹیسٹ واڈا کے اینٹی ڈوپنگ رولز کے تحت کرائیں گے۔ آرگنائزنگ سیکرٹری بونچائی لورپیپٹ نے کہا کہ اس ایونٹ کیلئے کورات کا انتخاب ٹیموں کو مزید سہولت دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ وینیو کھلاڑیوں کی رہائش گاہ کے قریب ہے اور اس کے نزدیک کی ہی فورڈ سینٹر ہے جہاں ہرقسم کے کھانوں کی سہولت موجود ہے۔ کھلاڑیوں کیلئے ٹرمینل 21 میں وینیو میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے تمام سہولیات موجود ہیں وہ اپنے اپنے میچز کے آغاز سے ایک گھنٹے قبل آئیں اور پریکٹس کریں۔