چار روز کی طویل چھٹی کے بعد پیر کے دن شہر بھر میں ٹریفک جام رہا

September 25, 2018

پشاور(سٹی رپورٹر) پشاور میں چار روز کی طویل چھٹی کے بعد پیر کے دن شہر بھر میں ٹریفک جام رہا ۔ محرم الحرام اور ہفتہ اتوار کی چھٹیاں ختم ہوگئیں پیر کے روزدفاتر وسکول کھل گئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں شروع ہونے پر دور دراز علاقوں سے بھی لوگوں نے پشاور کا رخ کرلیا جس کے باعث پیر کے دن شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام رہا جس کو ٹریفک پولیس کنٹرول کرنےمیں مکمل ناکام رہی ۔ جی ٹی روڈ پر نشتر آباد سے یکر صوبائی اسمبلی تک گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں جس کے باعث شہریوں اور مسافر گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا اسی طرح بھانہ ماڑی ‘ سول کوارٹر ‘ ڈینز چوک ‘ شیر شاہ سوری روڈ اور دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں ۔ٹریفک پولیس کے اہلکار رش اور بدنظمی پر قابو پانے کیلئے سرگرم رہے لیکن لوگوں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے سامنے اکثر جگہوں پر ٹریفک اہلکار بے بس نظر آئے ۔