منتخب عوامی نمائندوں کو گھر بھیجنا تبدیلی نہیں نا انصافی ہے:کونسلرز اتحاد

September 25, 2018

ملتان (سٹاف رپورٹر) بلدیاتی سیٹ اپ میں ممکنہ تبدیلی پرکونسلرز میں پائے جانے والے تحفظات کے سلسلے میں کونسلرز اتحاد ضلع ملتان کا اجلاس غلام علی جمالی کی رہائش گاہ پر منعقد ہواجس کی صدارت ضلعی صدر محمد یوسف انصاری نے کی جبکہ محمد طفیل کھوکھر، ڈاکٹر اکرم شاد، حافظ نذر روانی، لطیف گجر، عبد العزیز بوسن،چیئر مین کونسلرز حقوق اتحاد ملتان رمضان اعوان، غلام علی جمالی، محمد یوسف ندیم، مہر بلال آہیر، فیاض علی،محمد علی قریشی، عبد الستار خان، ظفر قریشی، اقبال اعوان، غلام اصغر ساہی ،احسان علی قریشی، محمد رضا مہروی، امین بابر، محمد حسین، محمد اعجاز و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر محمد یوسف انصاری نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی سیٹ اپ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث منتخب عوامی نمائندوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ موجودہ نظام سے منتخب ہونے والے کونسلرز کو ان کی آئینی مدت پوری کرنے دی جائے جو ہمارا آئینی حق ہے اور اگر اس میں رخنہ اندازی کی گئی تو ہم ہر فورم پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ رمضان اعوان، محمد طفیل کھوکھر اور ڈاکٹر اکرم شاد نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو گھر بھیجنا تبدیلی نہیں بلکہ سراسرزیادتی ہے۔ اگر نئی حکومت نے جو صرف تبدیلی کا نعرہ لے کر آئی ہے ہمارے راستہ میں روکاوٹ بننے کی کوشش کی تواحتجاج کا ہر راستہ اختیار کریں گے اور اگر بلدیاتی اداروں کو توڑا گیا تو قانونی راستہ بھی اپنائیں گے۔اجلاس میں متفقہ مشاورت سے ایک آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو آگے کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔کونسلرز اتحاد ضلع ملتان کا آئندہ اجلاس 28ستمبر کو یوسف ندیم کی رہائش گاہ پر ہو گا۔