ٹرمپ کا مطالبہ مسترد، 5 عالمی طاقتیں اور ایران تیل کی تجارت کیلئے بارٹر پر متفق

September 26, 2018

نیویارک(جنگ نیوز) یورپی یونین اور ایران نے امریکی پابندیوں کا توڑ نکال لیا، ایران جوہری معاہدے میں شامل ممالک برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین اور روس نے ایران کیساتھ تیل کی تجارت کیلئے بارٹر پر اتفاق کرلیا ہے ۔ ان عالمی طاقتوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک نیا ’تجارتی لائحہ عمل‘ اپنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔نئے چینل کے ذریعے ایرانی درآمدات، برآمدات اور خام تیل کی فروخت کو ممکن بنایا جا سکے گا۔اس طریقہ کار کے زریعے ایران تیل کے بجائے مذکورہ ممالک سے ان کی مصنوعات خریدے گا ۔ یہ فیصلہ بند دروازوں کے پیچھے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ہے۔ برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور یورپی یونین کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے، ’’فوری طور پر مستحکم نتائج کی ضرورت ہے۔ شرکاء نے ادائیگی کے چینلز کو برقرار رکھنے اور ترقی دینے کے لئے عملی تجاویز کا خیر مقدم کیا ہے، خاص طور پر ایرانی برآمدات کی اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) کے ذریعے ادائیگیاں۔‘‘اس گروپ کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے جائز اقتصادی آپریشنز کی تکمیل کے لیے اپنی معاشی آزادی کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔