صفائی کا فقدان

October 01, 2018

آپ کی توجہ ایک اہم مسئلے کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں جو کہ حد سے تجاوز کر گیا ہے۔ ہمارا علاقہ ماڈل کالونی جو نہایت گندگی کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ یہاں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں جس سے اٹھنے والا تعفن لوگوں میں مختلف بیماریاں پھیلا رہا ہے۔ مکھیاں اور مچھروں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہےجس سے بچے، بزرگ سب ہی ملیریا جیسی خطرناک بیماری کا شکار ہو رہے ہیں ۔محلے میں صفائی ستھرائی ہر شہری کا حق ہے جو کہ یہاں نہیں ہے۔ حضور کا ارشاد ہے کہ ’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘ آپ کے اخبار کے توسط سے میری متعلقہ محکموں سے درخواست ہے کہ خدارا اس طرف فوری توجہ دی جائے جس سے کہ لوگ ان موذی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اس میں ذرا سی بھی تاخیر بہت بڑی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
(نعیم خان ۔کراچی)