لوگ سوشل میڈیا کو غلط انداز میں استعمال کررہے ہیں، سوزین خان

October 15, 2018

ممبئی(ایجنسیاں) نامور بولی وڈ اداکار ریتک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان نے ’’می ٹو‘‘ مہم کے تحت سامنے آنے والے جنسی ہراسانی کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قراردے دیا۔بولی وڈ اداکار ریتک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان نے حال ہی میں ’’می ٹو‘‘مہم پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو قانونی ثبوت کے بغیر غلط الزامات نہیں لگانے چاہئیں، لوگ سوشل میڈیا کو غلط انداز میں استعمال کررہے ہیں، میں اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن پھر مجھے محسوس ہوا کہ می ٹو مہم کے تحت بہت سارے غلط اور جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں اوریہ صحیح نہیں ہے۔واضح رہے کہ بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے چند روز قبل اداکار ریتک روشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاتھا کہ ریتک کو بھی ’’می ٹو‘‘ مہم کے تحت سزا ملنی چاہیے کیونکہ وہ اپنی بیوی کے ہوتے ہوئے دوسری لڑکیوں کے ساتھ گھومتے تھے، اس کے علاوہ تمام فلمسازوں کو ریتک روشن کے ساتھ کام کرنا بند کردینا چاہیے۔