ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اقوام متحدہ کا دعویٰ مسترد کردیا

October 15, 2018

انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا کے170 ممالک میں سزائے موت ختم کیے جانے کے اقوام متحدہ کے دعوے کو مسترد کردیا ۔

ایمنسٹی کی تحقیقات کے مطابق دنیا کے142 ممالک میں یا تو سزائے موت پر عارضی پابندی ہے یا اس کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے۔

ایمنسٹی کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2017ء میں سزائے موت دینے والے دنیا کے 10 بڑے ممالک میں پاکستان پانچویں اور امریکا آٹھویں نمبر پررہا ۔

پاکستان میں یہ تعداد ساٹھ سے زائد رہی جبکہ دنیا میں سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ممالک میں چین پہلے،ایران دوسرے اور سعودی عرب تیسرے نمبر پررہا۔

ایمنسٹی کے مطابق دنیا کے106 ممالک میں سزائے موت پر قانونی طور پر مکمل پابندی ہے،7 ممالک ایسے ہیں جہاں انتہائی غیر معمولی حالات میں سزائے موت دینے کی اجازت ہےجبکہ 29ممالک ایسے ہیں جہاں قانونی طور پر سزا موجود ہے لیکن 10سال میں ایک بھی ایسی سزا نہیں دی گئی ۔