ملک کے مختلف شہروں کو ملانے والی اہم سڑکیں بند

November 02, 2018

ملک کے مختلف شہروں کو ملانے والی اہم سڑکیں بند ہونے سے کئی شہروں کے درمیان چلنے والاٹریفک معطل ہوگیا ہے، چھوٹے بڑے شہروں میں چلنے والے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


بلوچستان کے صنعتی شہر حب اور کراچی کے درمیان ٹریفک معطل ہے جبکہ حیدر آباد اور کراچی کے درمیان بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔

بلوچستان کے صنعتی شہر حب کو کراچی سے ملانے والے حب ریور روڈ پر ٹریفک معطل ہے جس سے کراچی اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہے۔

کراچی کے داخلی مقام پر ٹریفک معطل ہونے کی وجہ سے حیدرآباد سے کراچی جانے والے ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی جزوی طور پر معطل ہے۔

حیدرآباد شہر کے چار مختلف مقامات قاضی عبدالقیوم روڈ، باچاخان روڈ، مکی شاہ سڑک پر ٹریفک معطل ہے، داخلی مقام حیدر چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

نواب شاہ میں کچہری روڈ آمدورفت کے لیے بند ہے، لاڑکانہ میں جناح باغ چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ چندا قلعہ چوک ٹریفک کے لیے بند ہے، کامونکی سٹی چوک، وزیرآباد اور تتلےعلی چوک میں مرکزی شاہراہیں بند ہیں، سیالکوٹ کے داخلی راستے، ڈسکہ ،پسرور اور سمبڑیال روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

سرگودھا میں میانوالی اور خوشاب کے درمیان ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، بورے والا میں لاری اڈہ سے لاہور روڈ، چیچہ وطنی روڈ کی جانب جانے والے راستے بند ہیں۔

ملتان میں بہاول پور بائی پاس، لاہور ،ڈی جی خان اور کراچی جانے والی بین الصوبائی شاہراہ بند ہے۔

بہاولپور میں ختم نبوت چوک اور سرکلر روڈ پر ٹریفک معطل ہے جبکہ بھکر میں منکیرہ جھنگ روڈ اور چاندنی چوک ایم ایم روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔