آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے پاکستان چھوڑ دیا

November 03, 2018

توہین رسالتﷺ کیس میں آسیہ بی بی کے وکیل نے قتل کی دھمکیوں کے بعد پاکستان چھوڑدیا۔

ایڈووکیٹ سیف الملوک نے سپریم کورٹ میں آسیہ بی بی کا کیس لڑا تھا۔

سپریم کورٹ نے 31 اکتوبر کو اپنے فیصلے میں آسیہ بی بی کو توہین رسالت ﷺ کے الزام سے بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا اور ملک کے کئی شہروں میں دھرنے بھی دیئے تاہم حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کے بعد گذشتہ روز احتجاج ختم کردیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیف الملوک کی جان کو خطرہ تھا، وہ آج اپنے خاندان سمیت بیرون ملک روانہ ہوگئے۔

سیف الملوک نے بتایا کہ ان کیلئے پاکستان کے باہر جانا ناگزیر ہوگیا ہے تاکہ وہ آسیہ بی بی کے لئے قانونی جنگ لڑ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بریت کے بعد آسیہ بی بی کو اپنے تحفظ کی خاطر کسی بھی مغربی ملک جانا ضروری ہو گا، کہا جاتا ہے کہ کئی مغربی ممالک نے انھیں پناہ دینے کی پیشکش کی ہے۔