صدر میں تجاوزات کیخلاف کارروائی،ایک لاکھ ٹن ملبہ اٹھانے کا کام جاری

November 14, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر میں تجاوزات گرائے جانے کا عمل نویں دن منگل کو بھی جاری رہا،اس ساتھ ہی ساتھ ملبہ اٹھانے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے اور ایک اندازے کے مطابق یہاںسے قریباً ایک لاکھ ٹن سے زائد ملبہ اٹھایا جائے گا جبکہ اس میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔ تجاوزات ہٹانے اور ملبہ اٹھانے کے کام میں 400 سے زائد افرادی قوت اور 50 سے زائد ٹرکوں سمیت بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے۔ انسداد تجاوزات کی کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے بتایا کہ منگل کی شام تک ملبہ اٹھائے جانے کا کام قریباً 25 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ مکمل ملبہ اٹھانے میں قریباً چار سے پانچ دن لگ سکتے ہیں۔ ایمپریس مارکیٹ کی تاریخی گھڑیاں دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے برطانوی کمپنی سے رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ مذکورہ کمپنی اب بند ہوچکی ہے، لہٰذا مقامی گھڑی ساز اداروں سے بات کی ہے جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس گھڑی کو پہلے کی طرح دوبارہ فعال بنا دیں گے، ماضی میں اس عمارت کی جو شکل تھی اسے دوبارہ اسی شکل میں واپس لایا جائے گا کیونکہ یہ قومی اثاثہ ہے جسے تجاوزات کے باعث مختلف کونوں سے نقصان پہنچا ہے۔