ابو ظہبی،ٹیسٹ،بیٹسمینوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ،پاکستان کو بھاری بر تر ی نہ مل سکی،227رنز پر آئوٹ

November 18, 2018

ابوظہبی(جنگ نیوز)بیٹسمینوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھاری برتری حاصل نہ کرسکی۔بیٹسمینوں نے غلط اسٹروکس کھیلتے ہوئے وکٹیں گنوائیں۔دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ جلد گر گئی لیکن کپتان کین ولیم سن اورجیت راول نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئےمیچ میں واپس آنے کی کوشش کی ہے۔پاکستان نے آخری چھ وکٹ 52رنز پر گنوادیئے۔نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور153رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 227رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ہفتے کو دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ پر56رنز بنائے تھے۔ولیم سن 62گیندوں پر27اورراول 73گیندوں پر26رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں کی شراکت میں دوسرے وکٹ پر56رنز بن چکے ہیں۔پاکستان کی برتری کو ختم کرنے کے لئے نیوزی لینڈ کو مزید18رنز کی ضرورت ہے۔آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم ہی تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 62 رنز اسکور کیے۔انہوں نے109گیندیں کھیلیں اور پانچ چوکے مارے۔پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ پر 74 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔پاکستانی اننگز میں اظہر علی اور حارث سہیل کے درمیان 64رنز کی شراکت قائم ہوئی۔پھر اسد شفیق اوربابر اعظم کے درمیان 83رنز کی پارٹنر شپ بنی۔بابر نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر25رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹرینٹ بولٹ 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ڈی گرینڈ ہوم، اعجاز پٹیل 2،2 اور ایش سوڈھی اور نیل وینگر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔