’پاکستان کی امریکا کے ساتھ تعاون کی فہرست لمبی ہے‘

November 19, 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات کے رد عمل میں وفاقی وزیر شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر پیغام میںڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعاون کی فہرست لمبی ہے۔

وقافی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے امریکا کو دہشت گردی سے جنگ میں پاکستان کی قربانیاں یاد دلادیںاورکہا کہ تاریخ کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل حافظے کی کمزوری کا شکار ہیں۔

ایک بیان میں شیریں مزاری نے کہا امریکی صدر کی پاکستان مخالف گردان اُن پاکستانی رہنماوں کے لیے سبق ہے جو نائن الیون کے بعد امریکا کی خوشامد میں لگے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعاون کی فہرست لمبی ہے، جس میں دہشت گردی سے جنگ میں پاکستانی جانوں کا ضیاع، پاکستان نے ڈرون حملوں سمیت دہشت گردی سے جنگ میں جانیں گنوائیں اور پاکستان کا ریمنڈ ڈیوس کو محفوظ راستہ دینا شامل ہے۔

اس کے علاوہ غیرقانونی طور پر ڈرون حملوں میں ہلاکتوں کی صورت میں بھی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ چاہے چین ہو یا ایران پاکستان خطے میں امریکا کی خارجہ پالیسی کے دباو کے تحت تعلقات بگاڑنے کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ پاکستان کے اسٹریٹیجک مفاد میں نہیں ہے۔