آر ایم سی کے پاس فنڈز موجود ، مشینری خریدنے کی اجازت نہیں

December 02, 2018

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ مناسب مشینری اور عملے کی قلت پوری کر دی جائے تو تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کیخلاف ٹھوس کارروائی اور مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں ادارے کے پاس فنڈز موجود ہیں مگر مشینری خریدنے کی اجازت نہیں مل رہی ۔ہائی کورٹ کے حکم پر مشین خریدنے کیلئے سیکرٹری بلدیات کو خط لکھے بھی کئی ہفتے ہو چکے ہیں مگر جواب نہیں آرہا، ادارے کو غیرقانونی تجاوزات اور تعمیرات کیخلاف کارروائی کیلئے کم از کم 45افراد کی ضرورت ہے شعبہ انفورسمنٹ میں کل تین ملازم تھے دو ریٹائر تیسرا فوت ہوچکا ہے اور اب کرائے کے لوگ لیکر کام چلا رہے ہیں ۔ نئی گاڑیاں خریدنے کی بھی اجازت نہیں مل رہی شعبہ انفورسمنٹ اور انکروچمنٹ کو قابل ذکر کارکردگی دکھانے کیلئے کم از کم آٹھ نئی گاڑیوں اور عملے کی ضرورت ہے جس کیلئے ادارے کے پاس فنڈز بھی ہیں اگر حکومت پنجاب اجازت دے تو ہم اپنی ضرورتیں خود پوری کر سکتے ہیں۔