اب یاسر شاہ کو ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا جائے گا، انضمام

December 06, 2018

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے یاسر شاہ کے ورلڈ ریکارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ اب یاسر شاہ ون ڈے ٹیم میں بھی شمولیت کے لئے پلان میں شامل ہیں ۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ فخر زمان، محمد عباس اور شاداب خان دورہ افریقا کے لیے سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔

لاہور میں کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق نے کہا کہ یاسر شاہ کے ریکارڈ پر سب کی طرح وہ بھی خوش ہیں، اب یاسر شاہ کو ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق

انضمام الحق نے کہا کہ فخر زمان اور شاداب خان کی انجریز پریشان کن نہیں جبکہ محمد عباس کو صرف آرام کی ضرورت ہے، یہ کھلاڑ ی جنوبی افریقا کے دورے کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ سندھ پنجاب کی بنیاد پر نہیں پاکستان کی ٹیم منتخب کرتے ہیں، سرفراز احمد ایک اچھا کپتان ہے، اس کی کارکردگی میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ جس عمر میں ہیں انہیں اے ٹیم میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔