شیخ رشید نے اپنے بیان سے ’یوٹرن‘ لے لیا

December 08, 2018

وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزیر اطلاعات بننے کی آفرسے متعلق اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔

شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم مجھے وزارت اطلاعات دینا چاہتے ہیں،اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری میرا بھائی ہے وہی وزیر اطلاعات رہے گا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ان کا کہنا تھا کہ آپس کی باتیں تھیں وہ بھی لوگ ریکارڈ کرلیتے ہیں، دنیا ادھر کی ادھر ہوجائے فوادچوہدری کے خلاف سازش میں شامل نہیں ہوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرا وزیر اطلاعات بننے کا کوئی شوق نہیں، ریلوے میں بہت خوش ہوں،اسی میں کارکردگی دکھاؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کو فون پر کہا کہ حالات ایسے ہیں، آپ کی بہت ضرورت ہے، وطن واپس آجائیں، دنیا ادھر کی ادھر ہوسکتی ہے میں وزیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ فواد چوہدری انتھک محنتی ہے،کوئی سوچے بھی نہیں کہ میں وزیراطلاعات کے خلاف ہوں،یا اس کی جگہ لے سکتا ہوں۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ فواد چوہدری بہترین وزیراطلاعات ہیں، ان کا سپورٹر ہوں،ساتھ کھڑا ہوں،پکنک کی بات مذاق میں کہی تھی۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شیخ رشید کو وزارت اطلاعات سونپنے سے متعلق بیان پر وزیر ریلوے کےلئے اپنی وزارت چھوڑنے کی پیشکش کی۔

دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان وزیراطلاعات فواد چوہدری کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔