امریکا کی جانب سے سندھ پولیس کے لیے فائر آرمز سيميوليٹرزکی فراہمی

December 12, 2018

سندھ پوليس کی استعداد بڑھانے کے ليے امریکی حکومت کی جانب سےفائر آرمز سيميوليٹرزفراہم کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے کراچی کے سعيد آباد پوليس ٹريننگ سينٹر کو 38 کروڑ 70 لاکھ روپے(27 لاکھ ڈالر) سے زائد کے اسلحے کے سيميوليٹرز فراہم کيے گئے جس کا مقصد پوليس اہلکاروں کو اسلحہ چلانے کی محفوظ اور مناسب تربيت دينے کے لیے ادارے کی گنجائش اور استعداد بڑھانا ہے۔

يہ عطیہ یو ایس مشن پاکستان کی جانب سے ديا گيا ہے۔امریکی حکومت کا سندھ حکومت سے تعاون 2012ء سے جاري ہے جس کے تحت اب تک ڈھائی کروڑ ڈالر سے زائد کا سازوسامان اور 50 ہزار سے زائد پوليس اہلکاروں کو تربيت فراہم کی جاچکی ہے۔

اس حوالے سے منعقدہ تقريب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل جو انے ویگنر نے سندھ پوليس سے مسلسل تعاون کی وجوہات بيان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت سندھ حکومت کی معاونت کرتی ہے کيونکہ یہاں کی پوليس پاکستان ميں پرتشدد انتہاپسندي کے خاتمے اور معاشرے کو مزيد محفوظ، مستحکم اور جمہوری بنانے کے ليے اگلے محاذ پر خدمات انجام دے رہي ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم اور کرپشن کے خاتمے، منشیات سے متعلقہ جرائم ختم کرنے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ ادارہ قانون کے نفاذ اور شفاف عدالتی نظام کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔