تحریک انصاف اہم عہدوں کو پُر کرنے میں تاحال ناکام

January 18, 2019

اسلام آباد (مہتاب حیدر) دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ معاشی محاذ پر بد انتظامی مکمل گرفت میں ہے جیسا کہ تحریک انصاف کی حکومت اب تک اہم عہدوں کو پُر کرنے میں ناکام رہی ہے بشمول واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے سینئر مشیر کا عہدہ۔ اہم غیرملکی دارالحکومتوں میں تین اقتصادی وزیر کے عہدے بھی خالی پڑے ہیں اور اس طرح کے عہدے ملکی تاریخ میں اتنے طویل عرصے سے کبھی بھی خالی نہیں رہے۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ چند اہم عہدے پچھلے کئی سالوں سے خالی پڑے ہیں جن میں واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو کے سینئر مشیر کا عہدہ اور دنیا کے اہم دارالحکومتوں جیسے کے امریکا، جاپان اور چین میں تین اقتصادی وزراء کے عہدے شامل ہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے اب تک ان عہدوں کو پُر کرنے کیلئے سرگرمی نہیں دکھائی۔ اہم غیرملکی دارالحکومت میں خدمات سرانجام دینے والے ایک سابق اقتصادی وزیر نے دی نیوز کو بتایا کہ اس طرح کے عہدے ملک کی اقتصادی ڈپلومیسی کیلئے بہت اہم ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں وزیر تجارت علی سرفراز اقتصادی وزیر کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔ تاہم بیجنگ اور ٹوکیو میں اقتصادی وزراء کے عہدے افسران کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد سے خالی پڑے ہیں۔ بیجنگ میں اقتصادی وزیر کا عہدہ شدید اہمیت اختیار کرگیا ہے کیونکہ تقریباً ایک سال پہلے مسٹر سلیم کی واپسی کے بعد سے اس عہدے کیلئے کسی کا انتخاب نہیں کیا گیا باوجود اس کے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) صنعتی تعاون کے مرحلے میں داخل ہوگیا جس کے تحت برآمدات بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز کا قیام عمل میں آئے گا۔