گارڈن میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

January 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گارڈن میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے گارڈن ایسٹ لکھپتی ہال سے متصل جامع مسجد ابو عبیدہ کے پاس پیر کی صبح موٹر سائیکل پر سوار ٹریفک پولیس اہلکار پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تیس بور پستول سے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے با آسانی فرار ہوگئے ، گولیاں لگنے سے ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگیا ، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا ۔پولیس نے بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت اسپتال میں 24 سالہ احتشام ولد عرفان کے نام سے ہوئی جو مزار قائد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا جبکہ اسکا آبائی تعلق حیدرآباد سے تھا ، پولیس نے بتایا کہ وہ پیر کی علی الصبح اپنی موٹر سائیکل پر پولیس یونیفارم پہن کر مزار قائد ٹریفک سیکشن جارہا تھا کہ مذکورہ مقام پر ملزمان نے پیچھا کر کے اسے فائرنگ کرکے شہید کردیا ،ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار کو تیس بور پستول کی تین گولیاں سینے اور بازو میں لگی ہیں،پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے خول اپنی تحویل میں لے کر فارنسک لیب بھیجوادیئے ہیں،پولیس نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے، ۔