پاکستان کو یو اے ای سے 1 ارب ڈالر مل گئے

January 24, 2019

پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے، جس کے بعد مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 25 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم 22 جنوری 2019 کو گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل ابو ظہبی فنڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعدموصول ہوئی۔

خیال رہے کہ 18 جنوری کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 13 ارب 25 کروڑ ڈالر تھے۔


متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول ہونے کے بعد مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 25 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یو اے ای سے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔

21 دسمبر کو ابو ظہبی ڈیولپمنٹ فنڈ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جن میں سے ایک ارب ڈالر آج پاکستان کو موصول ہو گئے۔