عرب آئیں گے اور اربوں کی سرمایہ کاری کریں گے، فیصل واوڈا

February 13, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ قرضے لے کر قیمتیں آدھی کرنا آسان تھا لیکن ملک کیلئے مشکل فیصلے کررہے ہیں، عرب آئیں گے اور اربوں کی سرمایہ کاری کریں گے، عمران خان کی شخصیت ہمارا بانڈ ہے اس پر ہر شخص پیسہ دینے کیلئے تیار ہے،شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن ہونا چاہئے، شیخ رشید کی رکنیت پر راجا ریاض اور ریاض فتیانہ کا اعتراض ان کی رائے ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو اور ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف بھی شریک تھے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت شہباز شریف کو پی اے سی کی سربراہی سے ہٹائے گی تو مشکل میں آجائے گی، ملک کو بحران سے نکالنا ہے تو سیاسی طور پر مستحکم کرنا ہوگا،وزیراعظم کی گفتگو سیاسی جماعتوں کی توہین ہے۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ وزیراعظم ادھورا سچ نہ بولیں سچ بولنا ہے تو پورا بولیں، حکومت جھوٹ نہ بولے کہ آئی ایم ایف ہماری شرائط پر قرضہ دے رہا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے کسی کو ہٹانا چاہیں گے تو وزیراعظم چار ووٹوں پر کھڑا ہے وہاں بھی عدم اعتماد آئے گا،حکومت جھوٹ نہ بولے کہ آئی ایم ایف ہماری شرائط پر قرضہ دے رہا ہے،یہ روایت ہے کہ کوئی وزیر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نہیں بنتا ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میرے اسلام آباد کے گھر کا گیس کا بل 45ہزار روپے آیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ٹھیک کہا کہ گیس کے گردشی قرضہ کہاں سے ادا کریں گے،قرضے لے کر قیمتیں آدھی کرنا آسان راستہ تھا لیکن ہم ملک کیلئے مشکل فیصلے کررہے ہیں، قوم کڑوی گولی کھانے کیلئے تیار ہے صرف اتنا پوچھتی ہے کہ آسانی کب آئے گی، سولہ اور سترہ فروری کو سعودی عرب پاکستان میں تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے جارہا ہے، عرب آئیں گے اور اربوں کی سرمایہ کاری کریں گے، عمران خان کی شخصیت ہمارا بانڈ ہے اس پر ہر شخص پیسہ دینے کیلئے تیار ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اپوزیشن 65سال کا گند پانچ مہینے میں صاف کرنے کا کہہ رہی ہے۔