نیب، چوہدری برادران کیخلاف تین تفتیشیں ، حنا ربانی، صدیق الفاروق کیخلاف انکوائری

February 15, 2019

لاہور (نمائندہ جنگ) چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی صدارت میں ہونے والے نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چوہدری برادران کے خلاف 3 کیسز میں جبکہ حنا ربانی کھر،صدیق الفاروق و دیگر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑاورسابق ایم ڈی بیت المال عابد وحید شیخ کیخلاف بھی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق چوہدری برادران کے متعلق اہم ثبو ت مل گئے، چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 13 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ چودھری برادران، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کیخلاف کرپشن کیس کی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ نیب کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ، سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق، سابق ایم ڈی بیت المال عابد وحید شیخ کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ڈپلومیٹک شٹل سروس کا غیر قانونی ٹھیکے کا ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ملزمان میں سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری سمیت دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کو چوہدری برادران کے متعلق اہم ثبو ت مل گئے، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کے آمد ن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کرے گی۔ چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے -