دیگر صوبوں میں بلوچستان کے طلباء کیساتھ نا انصافیاں ہو رہی ہیں،بی ایس او

February 21, 2019

کوئٹہ(آن لائن/پ ر)بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل منیر جالب بلوچ نے اسلام آباد پنجاب سندھ خیبرپشتونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بلوچستان کے طلبا و طلبات کے ساتھ نا انصافیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ منفی عناصر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباوطلبات کی صلاحیتوں سے پریشانی کا شکار ہو گئے ہیںکیونکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہر سال اچھی پوزیشن حاصل کر کے کامیاب ہوتے ہیں جسکی وجہ سے انہیں مختلف طریقوں سے تنگ کیا جارہا ہے،ان زیادتیوں پر حکومت کی خاموشی باعث افسوس ہے ۔درایں اثناء بی ایس او کے مرکزی ترجمان نے کہا ہےکہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم میں ایمرجنسی اصلاحات اور دیگر خوشنما نعروں کے ذریعے ہمیشہ تعلیمی اداروں کو منفی تجربات کرکے تباہ کیا گیاہے یہی وجہ ہے کہ سرکاری اسکولز اور کالجز ویرانے کے منظر پیش کررہے ہیں اب موجودہ حکومت ایجوکیٹر انٹرشپ کے نام پر اپنے من پسند لوگوں کو گریڈ سترہ کی اسامیوں پر براہ راست بھرتی کررہی ہے، کالج سیکٹر بھی سرکاری نااہلی کی وجہ سے مفلوج ہوچکا ہےاکثر علاقوں کے کالجز کے لیکچرار کوئٹہ میں اٹیچمنٹ پر تنخواہ لے رہے ہیں سازش کے تحت طلباء کا معاشی و تعلیمی استحصال کیا جارہا ہے۔