انڈین میڈیا وار روم بن گیا، الیکشن تک جنگی جنون رہیگا، تجزیہ کار

February 23, 2019

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ انڈیا میں الیکشن تک جنگی جنون تک کم نہیں ہوگا انڈین میڈیا وار روم بنا ہوا ہے، شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں تھی، حکومت پوزیشن دونوں کا رویہ ٹھیک نہیں ہے، پاکستان کے ثقافتی، انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس میں بائیکاٹ سے بھارت کو نقصان ہوگا، بھارتی بائیکاٹ کی تمام کوششیں اس کی پسپائی کی طرف نشاندہی کرتی ہیں، بھارت میں فنون لطیفہ کو جنون لطیفہ بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، محمل سرفراز، بابر ستار، ارشاد بھٹی اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیا بھارت کے جنگی جنون میں کمی آئے گی؟ ارشاد بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم کے بعد پاک فوج کے دو ٹوک جواب سے بھارت کے جنگی جنون میں کمی آنی چاہئے لیکن اس کا جنگی جنون ہمیشہ جاری رہے گا۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی وزیراعظم کی طرح بہت نپا تلا ردعمل دیا ہے۔ بابر ستار نے کہا کہ انڈیا میں الیکشن تک جنگی جنون کم نہیں ہوگا۔مظہر عباس نے کہا کہ انڈیا کا میڈیا اس وقت وار روم بنا ہوا ہے، انڈیا میں جنون ہے تو پاکستان میں سکون ہے، بھارت میں جنون سیاست کا حصہ بن گیا الیکشن کے قریب پاکستان مخالف بیانیہ کو تقویت دی جاتی ہے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا نیوکلیئر ڈیٹرنس آزمانا چاہتا ہے۔دوسرے سوال لاہور ہائیکورٹ کا رمضان شوگر مل اور آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل پر تفصیلی فیصلہ، کیا شہبازشریف کا نام اب بھی ای سی ایل میں ہونا چاہئے؟ بابر ستار نے کہا کہ ای سی ایل میں نام صرف لوگوں کو تنگ کرنے کیلئے ڈالا جاتا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں تھی، احسن اقبال نے بطور وزیرداخلہ ای سی ایل میں اسد درانی کا نام فوراً ڈال دیا مگر اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور نواز شریف کا نام نہیں ڈالا تھا۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن دونوں کا رویہ ٹھیک نہیں ہے اسمبلیوں کی کارروائی نہیں ہو پارہی یہ قومی یکجہتی کیلئے خطرناک ہے۔