مانسہرہ، نوجوان کو سرعام قتل کردیا گیا

February 24, 2019

مانسہرہ میں لڑکی کے مبینہ اغوا کے الزام میں نوجوان وقاص کو سرعام گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

مقتول وقاص کے والد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ علاقے کی ایک لڑکی نے چند ماہ پہلے سعید نامی نوجوان سے کورٹ میرج کرلی تھی، لڑکی کے خاندان والوں نے وقاص پر سعید کی معاونت کا الزام لگایا۔

وقاص کی بہن اور والدہ کے خلاف لڑکی کے اغواء کا مقدمہ درج کراکے بیٹے کو سرعام گولیاں مار دی گئیں۔

مقتول کے والد نے الزام لگایا کہ پولیس بااثر ملزمان کی پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے تفتیشی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی عملے کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے وقاص کے قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ واضح رہے کہ قتل کا واقعہ مانسہرہ کے علاقے پھاگلہ میں 12 فروری کو پیش آیا تھا۔