بھارت کو 32رنز سے شکست، عثمان خواجہ بہترین کھلاڑی قرار

March 08, 2019

آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو 32 رنز سے شکست دے دی،پاکستانی نژاد عثمان خواجہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

رانچی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 313 رنز بنائے جواب میں میزبان بھارتی ٹیم 281 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اس میچ میں ویرات کوہلی الیون نے بھارتی فوجی ٹوپیاں پہن کر حصہ لیا،بھارتی بورڈ کے مطابق اس کا مقصد پلوامہ حملے کے متاثرین کے لئے فنڈز اکھٹا کرنا تھا۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق بی سی سی آئی نے میچ سے قبل فوجی ٹوپیاں پہننے کے حوالے سے اجازت طلب کی تھی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے حالیہ چیئرمین ششانک منوہر ہیں جو اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے بھی سربراہ رہ چکے ہیں۔

میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 313 رنز بنائے اور بھارت کےلئے 314 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

آسٹریلوی اننگز کی خاص عثمان خواجہ کے 104، ایرون فنچ کے 93 اور گلن میکس ویل 47رنز کی نمایاں پرفارمنس رہیں۔

میچ میں پہلی وکٹ کےلئے بھارت کو 32 اوورز تک انتظار کرنا پڑا،193 کے اسکور پر فنچ 93رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

آسٹریلوی ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 48 اعشاریہ 1 اوورز میں 281رنز پر ڈھیر ہوگئی،یوں میچ 32 رنز سے آسٹریلیا کے نام رہا ۔

بھارت کی طرف سے کپتان ویرات کوہلی نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔