گشتی لائبریریاں

April 12, 2019

محمد احسن

پیارے بچو!لائبریری ایک سمندر ہے ،جس میں ہر قسم کی کتابیںموجود ہوتی ہیں۔اس میں سے پڑھنے والے اپنی دلچسپی کا مواد کھوج نکالتے ہیں۔مطالعے کے فروغ میں لائبریری کا کردار بہت اہم ہے۔ ہر ملک میں مطالعہ کی اہمیت کے پیش نظرلائبریریاں موجود ہیں۔ لیکن اکثرلائبریریاں ایسی جگہ قائم ہوتی ہیں، جہاں بچوں اور دیگر افراد کی رسائی ممکن نہیں ہوتی ۔ بہت سے ممالک میں طوفان ،سیلاب اور جنگوں کی وجہ سے لائبریریاں تباہ ہوگئیں، اُس کا حل انہوں نے یہ نکلا کہ کسی بڑی گاڑی میں کسی ٹرک یا بڑی وین میں ، سائیکل پر، فٹ پاتھ پر، بس اسٹاپ پر یہاں تک کے کشتی یا لانچ پر بھی کتابوں سے بھری گشتی لائبریری قائم کرکے کتابوں کی فراہمی کو ممکن بنایا ہے۔چلتی پھرتی لائبریری کا تصور نیا نہیں ہے، یہ بہت قدیم زمانے میں بھی موجود تھیں اور لوگ ان سے بھرپور استفادہ حاصل کرتے تھے۔دنیا کی سب سے پہلی چلتی پھرتی لائبریری 1857 میں انگلستان میں ایک گھوڑا گاڑی میں قائم کی گئی تھی۔ یہ موبائل لائبریری نہایت کام یاب رہی ۔

ساتھیو! ذیل میں ہم دنیا میں کام کرنے والی ایسی ہی چند گشتی لائبریریوں کے بارے میں آپ بتارہے ہیں ۔

بس اسٹاپ لائبریری

بگوٹا، کولمبیا کا دارالحکومت ہے، یہاں ایسی لائبریری ہے جو بہت زیادہ گشت نہیں کرتی یعنی یہ ایک جگہ سے دوسری جگہ تو نہیں جاتی، بلکہ کسی ایک مناسب سی جگہ پر ٹھہر کر بچوں اور بڑوں کواُن کی من پسند کتابیں فراہم کرتی ہے۔ بگوٹا میں بالکل اسی نوعیت کی 47 اور کولمبیا کے دوسرے شہروں میں بھی اسی طرح کی لائبریریاں ہیں جو علم کی سوغات بانٹ رہی ہیں۔بچے ان لائبریریوں تک بڑے شوق سے جاتے ہیں ۔

دو پہیوں والی لائبریری

پورٹ لینڈ میں موبائل لائبریری قائم کی گئی ہے جو دو پہیوں کی گاڑی کے ذریعے چلتی ہے۔ اس لائبریری کی خاص اور قابل توجہ بات یہ ہے کہ یہ لائبریری بنیادی طور پر بے گھر بچوں کے لیے شروع کی گئی ہے۔ ایسے بچے جو اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئے ہوں یا کسی قدرتی آفت اور تباہی نے انہیں ان کے ماں باپ اور بہن بھائیوں سے محروم کردیا ہو۔ اس منفرد انداز کی لائبریری پراجیکٹ کو ’’اسٹریٹ بُکس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔لارا مولٹن کی زیرسرپرستی چلنے والے اس پراجیکٹ کی یہ دو پہیوں والی لائبریری پورے شہر کے مختلف مقررہ مقامات پر گشت کرتی ہے

ٹیل اے اسٹوری

ٹیل اے اسٹوری بھی ایک چلتی پھرتی لائبریری ہے جو پرتگال میں ہے۔ اس لائبریری کی تمام الماریاں کلاسیکی طرز کی پرتگیزی کتابوں سے بھری ہوئی ہیں، جنہیں انگریزی، فرانسیسی ، اطالوی، جرمن اور اسپینی زبانوں میں بھی ترجمہ کیا گیا ہے، تاکہ دوسرے ملکوں کی ادب و ثقافت سے تعلق رکھنے والے بھی ان سے فیض یاب ہوسکیں۔

ٹرک لائبریری

انٹونیو لا کاوا نے 42سال تک تدریسی فرائض انجام دینے کے بعد ایک پرانا اور استعمال شدہ ٹرک خریدا، پھر اس کی مرمت کروائی اور اسے اپنے مقصد کے لیے تیار کرایا اور اس قابل کرلیا کہ اس میں کم و بیش 700کتابیں سماسکیں۔ وہ اپنے اس ٹرک لائبریری کے ذریعے اپنے ملک اٹلی میں کتب بینی کو بھی فروغ دینا چاہتا تھا اور خاص طور سے بچوں تک ان کتب کی رسائی کا خواہش مند تھا۔

موٹر بائیک لائبریری

انڈونیشیا کے جزیرے جکارتا میں ’’ماتا اکسرا‘‘ نامی کیموٹر بائیک سے چلنے والی اس لائبریری کو ایک ہفتے میں چھ دیہات میں لے جایا جاتاہے اور وہاں کے لوگوں اور بچوں سے یہ پوچھتے ہیں کہ انہیں کس قسم کی کتابوں کی ضرورت ہے، پھر وہ ان کی پسندیدہ کتابیں جمع کرکے ان خواہش مند افراد تک بڑے خلوص اور پیار سے پہنچاتے ہیں۔اس منفرد اور بے مثال لائبریری کی کوششوں سے چھوٹی آبادیاں اور علاقے بدل رہے ہیں، ان میں اہم تبدیلیاں بھی آنے لگی ہیں، ان خطوں کے لوگوں میں شعور بیدار ہورہا ہے

اونٹ لائبریری

منگولیا کے بچوں کے لیے ایک ایسی موبائل لائبریری قائم کی گئی ہے جو خانہ بدوشوں کے علاقوں اور خشک اور بے آب و گیاہ میدانوں میں اونٹوں پر ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرتی ہے اور دور دراز غیر آباد علاقے کے گلے بانوں اور ان کے بچوں کو کتابوں کی سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ صحرائے گوبی میں آپ کو یہ اونٹ لائبریری جگہ جگہ دکھائی دے گی۔

جھیل میں تیرتی لائبریری

پانی پر تیرتی موبائل لائبریری ایک بالکل انوکھا خیال ہے۔ لیکن یہ سچ ہے کہ ایسی لائبریری منی سوٹا کی جھیل میں تیرتی رہتی ہے اور کتابوں سے محروم افراد اور بچوں کی خدمت کرتی ہے جھیل سیڈار میں یہ تیرتی ہوئی لائبریری لکڑی کے ایک پرانے ڈھانچے سے بنائی گئی ہے، جس میں لکڑی کے لگ بھگ 80تختے لگائے گئے ہیں اور اس کشتی کے ہر طرف بہترین کتابیں بڑے منفرد انداز سے لٹکائی گئی ہیں۔