پاکستانی خواتین کرکٹر کے ڈیلی الائونس میں فی کس 35ڈالر اضافہ

April 16, 2019

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردوں کی ٹیم کی طرح خواتین کرکٹرز کے ڈیلی الائونس اور مراعات میں اضافہ کردیا ہے۔ دس سال میں پہلی بار پاکستانی ٹیم کے ڈیلی الاونس میں فی کس 35ڈالرز کا اضافہ کردیا ہے۔ اطلاق دورئہ جنوبی افریقا سے ہوگا۔ پی سی بی نے خواتین کرکٹ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید سے لے کر منیجنگ ڈائر یکٹر وسیم خان کودےدیا ہے۔انہوں نے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد خواتین کرکٹرز کے مسائل سن کر احکامات جاری کردیے ہیں۔ ذرائع کےمطابق جنوبی افریقا کے دورے میں کھلاڑیوں کو یومیہ 75ڈالرز ملیں گے۔ پاکستان کی سینئر ٹیم کو114 ڈالرز ڈیلی الائونس ملتا ہے۔ جبکہ انگلینڈ کے دورے میں 150ڈالرز ڈیلی الائونس ملتا ہے۔ پانچ گھنٹے سے زائد کی فلائٹ میں ٹیم اکانومی کے بجائے بزنس کلاس میں سفر میں کرے گی۔ کراچی سے جوہانسبرگ کی فلائٹ دس گھنٹے کی ہے ۔ پی سی بی نے وعدہ کیا ہے کہ یکم جولائی سے نئے مالی سال میں کرکٹرز کے ٹریننگ کیمپ میں سہولتوں میں اضافہ کردیا جائے گا جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں بھی بہتر ی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواتین کرکٹرز کو کیمپ کے دوران کراچی کے ہائی پر فارمنس سینٹر کے کمروں میں ٹھہرایا جاتا تھا۔ گذشتہ دورے میں شکایت کے بعد پی سی بی نے اب پلیئرز کو شاہراہ فیصل کے تھری اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا ہے۔ کھلاڑیوں کے کمرے ڈبل شیئرنگ کی بنیاد پر ہیں جبکہ کپتان ، کوچ اور کوچنگ اسٹاف کو سنگل روم دیے گئے ہیں۔