مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، محمود ریاض

April 24, 2019

برمنگھم(پ ر)آزاد کشمیر کے سابق وزیر پی ٹی آئی رہنما محمود ریاض نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہو رہی ہے اور کشمیری نوجوانوں کو بھارتی ادارے سیکورٹی فورسز مسلح افواج ٹارگٹ کر کے قتل کر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری ،اقوام متحدہ و سیکورٹی کونسل کو فوری نوٹس لینا چاہئے اور ان خلاف ورزیوں کو بند کروانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان پاکستان کے عوام کی ایک امید ہیں اور ان کی قومی و بین الاقوامی پالیسیوں سے پاکستان کےوقار میں اضافہ ہوا ہے، اور بہت جلدی معاشی و اقتصادی امور پر قابو پالیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں چوہدری خادم حسین کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، چوہدری خادم حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن تحریک آزادی کشمیر کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں اور قومی مقاصد کے اصول کے لئے تحریک آزادی کو مزید فعال بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر چوہدری سعید ممتاز، محمد یعقوب چوہدری، وقاص احمد چوہدری امجد قیوم و دیگر نے اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں نوٹنگھم میں پی ایم ایل این برطانیہ کے مرکزی رہنما چوہدری اصغر کی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و اوورسیز ایم ایل اے محمود ریاض نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آزاد جموں و کشمیر سمیت پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور تحریک آزادی کشمیر کے لئےمتحرک تنظیموں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مشترکہ طور پر ملکی مفادات کے تحفظ اور تحریک آزادی کشمیر کے لئےکام کرنے کی ضرورت ہے اور برطانیہ میں موثر آواز کے طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر خوراک پی پی پی رہنما چوہدری جاوید اقبال نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں زیادہ بہتری لائی جا سکتی ہے اور بیرونی دنیا میں سیاسی جماعتوں میں مشترکہ حکمت عملی اہم مقاصد کے لئے ضروری ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما چوہدری محمد یونس نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کے لئے ساری خدمات حاضر ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نثار احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے تحریک آزادی کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا ہے اور حکومت کی پالیسی اطمنان بخش ہے۔ میزبان چوہدری محمد اصغر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے بیرونی دنیا میں زیادہ مؤثر کام کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے تعاون کو یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر سید شوکت حسین شاہ ،چوہدری محمد جمیل، یاسر محمود اور پی ٹی آئی رہنما نثار ضیا نے بھی اظہار خیال کیا۔