جامعہ کراچی شعبہ ٹیچر ایجوکیشن اور ’دوربین‘ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

April 25, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن اور ’’دوربین‘‘ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کوجامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ جس کا مقصد بی ایڈآنرز کے نصاب کو جدید بنانا ہے، پروجیکٹ میں ’دوربین‘ کو زندگی ٹرسٹ کی معاونت حاصل۔ اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو تبدیل کرنا ہے تو زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول دیکھیں۔ مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر رئیس کلیہ تعلیم ڈاکٹر ناصر سلمان جبکہ ’’دوربین‘‘ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسرسلمیٰ احمد عالم نے دستخط کئے۔ اس پروجیکٹ میں ’’دوربین‘‘کو زندگی ٹرسٹ کی معاونت حاصل ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق بی ایڈ آنرزکے نصاب کو عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔’’دوربین‘‘ بی ایڈ آنرز (ابتدائی) کے نصاب پر نظرثانی (بشمو ل کورس کی جانچ) کیلئے گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن، جامعہ کراچی اور یونیورسٹی آف ہیلسنکی کے اساتذہ کے مابین روابط قائم کریگی۔ اکنامسٹ نے فن لینڈ کے ٹیچر ٹریننگ سسٹم کو دنیا میں بہترین قرار دیا ہے۔ نظرثانی شدہ نصاب کو مزید جانچ کیلئے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن جامعہ کراچی میں پیش کیا جائیگا۔ جامعہ کراچی گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن حسین آباد کیلئے الحاق کے ساتھ ساتھ ایک پائلٹ پروجیکٹ کی حیثیت بھی منظور کریگی۔ جامعہ کراچی گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن حسین آباد سے بی ایڈ (آنرز) ایلیمنٹری ڈگری پروگرام کی کامیاب تکمیل پر گریجویشن کرنے والے طلبہ کو ڈگری تفویض کریگی اوریہ عمل الحاق کمیٹی کے توسط سے ضابطے کی تمام کارروائیوں سے مشروط ہوگا۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز نے اس کاوش کو انسانیت کی جانب بڑا قدم قرار دیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں ’دوربین‘ نامی این جی او نے اسکولوں کے اساتذہ کو تربیت یافتہ بنانا شروع کردیا ہے۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج حسین آباد میں چار سالہ پروگرام کرایا جارہا ہے جس سے پاس ہونے والی پچاس طلبا کو تین سال سرکاری اسکول میں پڑھانے میں کاموقع دیا جائے گا۔ معروف گلوکار اور زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے کہا کہ زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے دو اسکولوں کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ سرکاری اسکولوں کو اگر تبدیل کرنا ہے تو کس طرح سے ہو سکتے ہیں، کراچی یونیورسٹی کے موجودہ نصاب اور ہیلسنکی جامعہ کے نصاب کو اپنے ماحول، زبان اور طلبہ کے لحاظ سے تبدیل کرکے طلبہ کو پڑھائیں گے فن لینڈ سے کسی جامعہ کا یہاں آنا اور پڑھانا ایک بہت بڑی اچھی کامیابی ہے۔ انھوں نے مزید کہا ٹیچرز ایجوکیشن میں ہیلسنکی یونیورسٹی فن لینڈ کا شمار دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے اگر ہم ان سے کچھ سیکھیں اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے ٹیچر ٹرینگ کو بہتر بنائیں تو اصل کامیابی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ کالج میں نیا سیشن اگست سے شروع ہو جائیگا۔ دوربین کی چیف ایگزیکٹیو آفیسرسلمی اے عالم نے کہا کہ ہم نے گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن کی مینجمنٹ گود لیا ہے جسکا مقصد سرکاری اسکول کیلئے بہتر اور پروفیشنل ٹیچرز پیدا کرنا ہے کیونکہ جب تک اسکولز میں ٹیچر کا معیار بہتر نہیں ہوگا تعلیم کا معیار بھی بہتر نہیں ہو سکے گا، کراچی یونیورسٹی گورنمنٹ ایلمنٹری کالج آف ایجوکیشن کی ڈگری ایوارڈ نگ یونیورسٹی ہے لہٰذا ہم نصاب میں جو نئی تبدیلیاں اور جدت لانا چاہ رہے ہیں وہ ان کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا ہم ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کررہے ہیں تاکہ ہم کریکولم میں نیا تجربہ کریں اور یونیورسٹی آف ہیلسنکی سے بین الاقوامی سطح کا فائدہ حاصل کریں۔انھوں نے مزید بتایا کہ فی الحال گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج ایجوکیشن حسین آباد میں 60 طالبات کو داخلہ دیا جائیگا اوروہ طالبات جو ٹیچنگ کے شعبہ سے وابستہ ہونا چاہتی ہیں وہ دوربین ڈاٹ پی کے کی ویب سائٹ پر جاکر اپنے آپکو رجسٹر کریں، وہ طالبات جو یہاں سے یہ ڈگری کورس کریں گی انہیں ہم تین سال کی گارنٹی جاب دینگے کہ وہ سرکاری اسکول میں پڑھا سکیں یہ چار سال کا ڈگری پروگرام ہوگا جس میں نو سے پانچ بجے تک کلاسز ہوں گی۔