’’یہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا اور آخری قرض ہوگا‘‘

May 13, 2019

پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری کہتے ہیں کہ امید ہے کہ یہ تحریک انصاف حکومت کاپہلا اور آخری قرض ہوگا،پہلی بار غیرملکی رقوم لوٹ مار کے لیے استعمال نہیں ہوں گی۔

گزشتہ روز پاکستان کا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ طے پا جانے کے معاملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید کے مصداق معیشت میں بہتری لائی جائے گی۔

صمصام بخاری نے کہا کہ عالمی اداروں کا ہماری حکومت پر اعتماد مثبت قدم ہے، ہم حقائق سامنے لائے ہیں، مصنوعی اعداد و شمار سے کسی کو گمراہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو مضبوط اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، وسیع تر ملکی مفاد میں یہ کڑوی گولی نگل رہے ہیں۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کئی ایک ملکی مسائل کا حل ہوگی، صورت حال سے نمٹنے کے لیے عوام بھی حصہ ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے پاکستان کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت پاکستان کو 3 سال میں 6 ارب ڈالر ملیں گے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی توثیق کے بعد آئی ایم ایف کی ٹیم اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر عمل درآمد ہو گا۔