کرکٹرآصف علی کی کینسر میں مبتلا دو سالہ بیٹی انتقال کرگئی

May 21, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جارح مزاج بیٹسمین آصف علی کو پہلی بار ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کی خوش خبری ملی ۔ اس سے تھوڑی دیر پہلے کینسر کے خلاف جنگ لڑنے والی ان کی بیٹی زندگی کی بازی ہار گئی۔ آصف علی بیٹی کی تدفین میں شرکت کے لئے فیصل آباد آرہے ہیں اور وارم اپ میچوں سے قبل ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ فوری ویزا جاری کرنے پر آصف علی نے امریکی سفارتخانے کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ آصف علی کی کینسر کے مرض میں مبتلا بیٹی پیر کو امریکہ میں دورانِ علاج وفات پا گئی ہیں۔ دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی اسٹیج پر تھا ۔ نور فاطمہ کے کینسر کے بارے میں خبریں رواں برس پاکستان سپر لیگ کے دوران سامنے آئی تھیں جب پی ایس ایل میں آصف کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بارے میں بات کرتے ہوئے رو دیے تھے۔ بعد ازاں خود آصف علی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس کی اطلاع دی تھی۔ آصف علی کا نام ورلڈ کپ کے پندرہ کھلاڑیوں میں نہیں تھا۔ نور فاطمہ کے انتقال کے چند گھنٹے بعد انہیں ٹیم میں شامل ہونے کی خبر ملی۔ بیٹی کی وفات پر کپتان سرفراز احمد، چیئرمین احسان مانی اور کرکٹرز نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔