رہنماتحریک انصاف حامد خان ایڈووکیٹ کا جسٹس فائز عیسیٰ سے مکمل یکجہتی کا اعلان

June 12, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سپریم کورٹ کے وکیل حامد خان نے سپریم کورٹ کے جج، مسٹرجسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر صدارتی ریفرنس کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے گروپ (پروفیشنل گروپ )کے اراکین کے ہمراہ 14جون کو ملک بھر کے وکلاء کے ساتھ مل کر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے،انہوں نے منگل کے روز سپریم کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف یہ ریفرنس بدنیتی سے دائر کیا ہے ،اس لئے وہ اس کے خلاف اپنی وکلاء برادی کے ساتھ ہیں، یاد رہے کہ حامد خان پاکستان بار کونسل کے رکن ہیں اور ان کے گروپ کے پاکستان بار کونسل میں9اراکین ہیں، سپریم جوڈیشل کونسل 14جون کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت کرے گی ،یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان بار کونسل کا آج پھر اجلاس منعقد ہوگا ،جس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر صدارتی ریفرنس کے خلاف ملک بھر کے وکلاء کی جانب سے آنے والی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔