ویمنز ورلڈ کپ فٹبال: سوئیڈن سیمی فائنل میں پہنچ گیا

June 30, 2019

سوئیڈن کی ٹیم دوبار کی عالمی چیمپئن جرمنی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

سیمی فائنلز میں منگل 2جولائی کو دفاعی چیمپئن امریکا اور انگلینڈ جبکہ 3 جولائی بدھ کو ہالینڈ اور سوئیڈن کے درمیان مقابلہ ہوگا-

جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ6 جولائی کو اور فائنل7جولائی کو لیون میں کھیلا جائے گا۔ فرانس کے رہوزون پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے آخری کوارٹر فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں کئی بڑے ایونٹس میں شکست کھانے والی سوئیڈن کی ٹیم نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا-

کھیل کے 16ویں منٹ میں جرمنی کی ماگل نے گول کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی- سوئیڈن نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 22 ویں منٹ میں جیکب سن کے خوبصورت گول کی بدولت مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا-

دوسرے ہاف میں بھی سوئیڈن کا پلہ بھاری رہا اور سوئیڈن کی بلاگٹ نے 48ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی برتری 2-1 کی جو آخر تک برقرار رہی-