ٹی وی اداکاراؤں کے فلموں میں ’’آئٹم نمبرز‘‘

July 02, 2019

ٹیلی ویژن ڈراموں کی مقبول فن کارائوں میں آئٹم نمبر پر رقص کرنے کے رُجحان میں تیزی آ رہی ہے۔ سینئر فلم اسٹارز کو تشویش ہے کہ ’’آئٹم نمبرز‘‘ کہیں فلم انڈسٹری کو نقصان نہ پہنچائے۔ پاکستانی فن کارائوں کو ایسے ’’آئٹم نمبرز‘‘ سے گریز کرنا چاہیے، جن کے لیرکس معیوب اور لباس مختصر ہو۔ دُوسری جانب نوجوان فلم ساز اور ہدایت کار ’’آئٹم نمبرز‘‘ کو فلموں کی ضرورت قرار دے رہے ہیں۔ آج ہم ٹیلی ویژن ڈراموں کی اُن ٹاپ ٹین سپر اسٹارز کی بات کریں گے، جنہوں نے فلموں میں ایک یا ایک سے زیادہ ’’آئٹم نمبر‘‘ پر دل کش رقص پیش کیے۔

1: ماہ نور بلوچ…

ٹیلی ویژن ڈراموں کی جانی پہچانی اداکارہ ہیں۔ انہوں نے کئی یادگار ڈراما سیریلز میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔ 2013ء میں ہدایت کار سیّد علی رضا اسامہ اور ہمایوں سعید کی فلم ’’میں ہوں شاہد آفریدی‘‘ میں ’’آئٹم سونگ‘‘ پر پرفارم کر کے ناظرین کو حیران و پریشان کر دیا تھا۔ آئٹم نمبر ’’مستی میں ڈوبی رات ہے‘‘پر ماہ نور بلوچ کا رقص فلم کی مقبولیت کا باعث بنا، لیکن انٹرنیشنل کرکٹر شاہد خان آفریدی نے اس آئٹم نمبر کو فلم میں شامل کرنے پر سخت اعتراض کیا تھا۔ اگر یہ کہا جائے کہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی اداکارائوں میں سب سے پہلے ماہ نور بلوچ نے آئٹم نمبر پر سینما اسکرین پر جلوے بکھیرے تھے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

2: مہوش حیات…

آج سب سے مقبول فن کارہ کا درجہ رکھتی ہیں۔ گزشتہ برس انہیں صدارتی ایوارڈ دیا گیا، تو سوشل میڈیا پر بہت شور مچایا گیا۔ مہوش حیات نے ان گنت ٹیلی ویژن ڈراموں میں عمدہ کام کیا۔ انہوں نے ہدایت کار نبیل قریشی کی پہلی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں ’’بلی‘‘ آئٹم سونگ پر بولڈ رقص پیش کر کے فلم انڈسٹری میں اپنے کام کی ابتدا کی۔ ’’بلی‘‘ کی مقبولیت نے مہوش حیات کو راتوں رات فلم بینوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا تھا۔ ٹیلی ویژن کا سنجیدہ طبقہ ان کے اس عمل سے خوش دکھائی نہیں دیا۔ ’’بلی‘‘ کے بعد مہوش حیات نے مڑ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘، ’’پنجاب نہیں جائوں گی‘‘، ’’ایکٹر اِن لاء‘‘ اور لوڈ ویڈنگ میں لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ رواں برس پھر ان کو آئٹم سونگ پر ٹھمکے لگانے کا شوق ہوا تو انہوں نے ہدایت کار ثاقب ملک کی فلم ’’باجی‘‘ میں ایک آئٹم سونگ میں حصہ لیا۔ آمنہ الیاس اور میرا جی کی فلم میں مہوش حیات کا آئٹم سونگ کیا رنگ دکھاتا ہے، اس کے لیے تھوڑا سا انتظار کرنا پڑے گا۔

3: ماہرہ خان…

ٹیلی ویژن ڈراموں سے دُنیا بھر میں پہچان بنائی۔ ’’ہمسفر‘‘ وہ ٹی وی ڈراما سیریل تھی، جس نے ماہرہ خان کو راتوں رات سپراسٹار بنا دیا تھا۔ خاص طور فواد خان کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھارت میں بھی پسند کیا گیا اور پھر شاہ رُخ خان نے اپنی فلم ’’رئیس‘‘ میں اپنے ساتھ مرکزی کردار میں کاسٹ کیا۔ ماہرہ خان کو سنجیدہ اور سلجھی ہوئی اداکارہ کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ شعیب منصور نے فلم ’’بول‘‘ میں گلوکار عاطف اسلم کے ساتھ کاسٹ کیا۔ بعدازاں انہوں نے بن روئے، ورنہ، ساتھ دِن محبت اِن، میں مرکزی کردار نبھائے۔ فلم بینوں کو یہ جان کر خوش گوار حیرت ہوئی کہ وہ عاصم رضا کی آنے والی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں آئٹم سونگ کرتی دکھائی دیں گی۔ اس فلم میں مایا علی اور شہریار منور مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ ماہرہ کا ’’آئٹم نمبر‘‘ فلم کی کام یابی میں کیا رنگ دکھاتا ہے،یہ تو فلم کی ریلیز کے بعد معلوم ہوسکے گا۔

4 : عائشہ عمر…

ٹیلی ویژن کے مشہور مزاحیہ ڈرامے ’’بلبلے‘‘ کے کردار خوب صورت کو کون نہیں جانتا۔ عائشہ عمر نے کمپیئرنگ، گلوکاری اور ماڈلنگ کے شعبے میں خُوب نام کمایا۔ لیکن جب انہوں نے ہدایت کار وجاہت رئوف کی فلم ’’کراچی سے لاہور‘‘ میں آئٹم سونگ ’’ٹوٹی فروٹی‘‘ میں ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ رقص کیا تو ہر صرف ان کی دُھوم مچ گئی۔ عائشہ اب ایک اور فلم میں سیکنڈ ہیروئن کی حیثیت سے نظر آئیں گی۔ اس فلم کا نام ’’کاف کنگنا‘‘ ہے۔

5: صباقمر…

انہیں کون نہیں جانتا، انہوں نے بھارت کے صفِ اوّل کے اداکار عرفان خان کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘میں شان دار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا شمار اب پاکستان کی سپر اسٹارز میں کیا جاتا ہے۔ صبا قمر نے کئی ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ باغی اور چیخ نامی ڈراموں میں اُن کے کام کو بے حد پسند کیا گیا۔ جیو کے سیاسی مزاحیہ پروگرام ’’ہم سب امید سے ہیں‘‘ میں لاجواب کام کیا۔ صبا قمر نے ڈراموں کے بعد فلموں میں کام شروع کیا۔ ہدایت کار وجاہت رئوف نے فلم ’’لاہور سے آگے‘‘ میں اداکار یاسر حسین کے مدِمقابل کاسٹ کیا۔ اس فلم میں ’’قلاباز دِل‘‘ آئٹم سونگ پر صبا قمر نے ٹھمکے لگائے، مگر نہ تو یہ فلم کام یاب ہوئی اور نہ ہی آئٹم نمبر مقبولیت حاصل کر سکا۔

6 : آمنہ الیاس…

ماڈلنگ میں نام کمانے کے بعد انہوں نے فلموں میں کام کرنا شروع کیا۔ مختلف ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بہترین ماڈل کا لکس اسٹائل ایوارڈز بھی جیت چکی ہیں۔ ہدایت کار اسد الحق کی فلم ’’دیکھ مگر پیار سے‘‘ میں ٹیلی ویژن اور فلموں کی مشہور اداکارہ حمائمہ ملک کے ساتھ سکندر رضوی مرکزی کرداروں میں شامل تھے، لیکن اس فلم میں آئٹم نمبر ’’کالا ڈوریا‘‘ فلم کی ہیروئن نے نہیں، بلکہ آمنہ الیاس نے پرفارم کیا تھا۔ یہ آئٹم نمبر بھی فلم کی طرح کوئی خاص توجہ حاصل نہ کرسکا۔ بعد ازاں ہدایت کار یاسر نواز کی فلم ’’مہرالنساء وی لب یو‘‘ میں آئٹم سونگ کے لیے کاسٹ کی گئیں۔ اس گانے میں آمنہ کی پرفارمنس کو فلم بینوں نے سراہا۔ آمنہ نے ’’زندہ بھاگ‘‘ اور ’’سات دن محبت اِن‘‘ میں لاجواب اداکاری کی۔ ان کی فلم ’’باجی‘‘ حال ہی ریلیز ہوئی ہے۔

7 : نیلم منیر…

اِن دنوں ’’رانگ نمبر ٹو‘‘ کی شان دار کام یابی پر مبارک بادیں وصول کر رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کار خلیل الرحمٰن قمر کی فلم کاف کنگنا میں ایک آئٹم سونگ کیا ہے، جسے آج کل بہت پذیرائی مل رہی ہے۔ نیلم منیر نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے شوبزنس میں اپنی شناخت بنائی۔ حال ہی میں مقبول ڈراما ’’دِل موم کا دیا‘‘ میں ناظرین نے انہیں بہت پسند کیا۔ وہ رانگ نمبر2 سے قبل معروف چاکلیٹی ہیرو احسن خان کے ساتھ فلم ’’چھپن چھپائی‘‘ میں کام کر چکی ہیں۔ ناقدین فلم کا خیال ہے کہ نیلم کو رانگ نمبر2 کی کام یابی کے بعد کسی فلم میں صرف آئٹم سونگ کے لیے کام نہیں کرنا چاہیے تھا۔

8 : کبریٰ خاں …

ٹیلی ویژن ڈراموں میں شناخت بنانے کے بعد فلموں میں کام شروع کیا۔ ابتدا میں نبیل قریشی کی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں چھوٹا سا کردار کیا۔ بعدازاں ان کی دو فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوئیں۔ ’’پرواز ایک جنون‘‘ اور ’’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘‘ میں ان کی اداکاری پسند کی گئی۔ خاص طور پر ’’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘‘ میں ہمایوں کے ساتھ ان کی جوڑی نے رنگ جمایا۔ دو کام یاب فلموں کے بعد اب وہ ہدایت کار احتشام الدین کی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ میں آئٹم سونگ کرتے نظر آئیں گی۔

9 : صدف کنول…

ماڈلنگ سے آغاز کیا اور پھر ڈراموں اورفلموں میں کام کرنا شروع کیا۔ فلم ’’بالو ماہی‘‘ میں عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری کے مدِمقابل ان کی پرفارمنس کی بہت تعریفیں ہوئیں۔ صدف نے ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’’نامعلوم افراد ٹو‘‘ میں ایک آئٹم نمبر ’’کیف و سرور ‘‘ پر عمدہ اعضاء کی شاعری پیش کی۔ اس آئٹم نمبر کو سوشل میڈیا پر بھی بہت پسند کیا گیا اور فلم کی کام یابی میں بھی اس نے کردار ادا کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں صف اوّل کے فن کاروں میں شامل ہو جائیں گی۔

10 : ژالے سرحدی…

ہدایت کار یاسر جسوال کی فلم ’’جلیبی‘‘ میں ژالے نے آئٹم نمبر پر شان دار رقص پیش کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور ماڈلنگ میں بھی نام کمایا۔ انہوں نے فلم ’’چلے تھے ساتھ‘‘ اور ’’رام چند پاکستانی ‘‘میں بھی کام کیا ہے۔ اب وہ فلموں سے زیادہ ڈراموں پر توجہ دے رہی ہیں۔

ٹیلی ویژن کی اداکارائیں فلموں میں آئٹم سونگ پر رقض کریں، لیکن ماحول کا خاص خیال رکھیں، کیوں کہ ٹی وی اسکرین پر فیملیز ان کے ڈرامے شوق سے دیکھتی ہیں اور انہیں بے حد پسند کرتی ہیں۔