رانا ثناء کی گرفتاری عمران صاحب کے ذاتی حکم پر ہوئی : مریم اورنگزیب

July 02, 2019

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری عمران صاحب کے ذاتی حکم پر ہوئی۔

ایک بیان میں ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ نواز شریف کے شیر ہیں جنہوں نے پرویز مشرف کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

مریم اورنگ زیب نے یہ بھی کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ ہر جھوٹے اور چھوٹے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کو گرفتار کر کے ان کی کار سے ہیروئن برآمد ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

رانا ثناء کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق رانا ثنا اللّٰہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی تھی، اس منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل تھی۔

آج عدالت نے رانا ثناءاللّٰہ کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، رانا ثناءاللّٰہ سمیت 6 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا ہے۔