• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء کا 14 روزہ ریمانڈ، مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں

ہیروئن برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار نون لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کو اینٹی نارکوٹکس عدالت لاہور میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا۔


عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، رانا ثناء سمیت 6 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا ہے۔

اس موقع پر عدالت کے باہر ایک صحافی نے رانا ثناء سے سوال کیا کہ رانا صاحب کیا یہ سیاسی انتقام ہے؟

رانا ثنااللّٰہ نے جواب دیا کہ یہ ظلم ہے، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، انہیں شرم آنی چاہیئے جو کہہ رہے ہیں کہ یہ مدینے کی ریاست ہے۔

اس سے قبل رانا ثناء اللّٰہ کو سخت سیکیورٹی میں لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہلکاروں کے علاوہ مقامی پولیس بھی تعینات کی گئی، جبکہ ضلع کچہری کے باہر واٹر کینن بھی موجود تھی۔

کورٹ کے باہر اور اندر سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے تھے، کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کیے گئے تھے، جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے وارڈنز تعینات کیے گئے۔

ادھر اے این ایف حکام نے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق رانا ثنا اللّٰہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی، اس منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل تھی۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللّٰہ کے خلاف مخبر کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، رانا ثنا اللّٰہ کو جب روکا گیا تو انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔

ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رانا ثنا اللّٰہ نے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللّٰہ کو پیر کی دوپہر فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس نے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر حراست میں لے لیا تھا اور ان کی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کی گاڑی سے مبینہ طورپر برآمد ہیروئن کی مالیت 15 کروڑ روپے ہے۔

یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث یہ نیٹ ورک پوری دنیا میں منشیات اسمگل کرتا ہے۔

تازہ ترین