اپر کوہستان: گاڑی کھائی میں گرنے سے ہلاکتیں 12 ہو گئیں

July 12, 2019

اپر کوہستان میں کمیلا کے مقام پر گزشتہ روز گاڑی کھائی میں گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق اپر کوہستان کے علاقے سیو سے کمیلا جانے والی مسافر گاڑی موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری تھی۔

حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو داسو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈی پی او راجہ صبور خان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں، تمام لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں، 3 زخمی بچوں کا علاج جاری ہے، گاڑی میں 15 افراد سوار تھے۔

ڈی پی او راجہ محمد صبور کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ رات اندھیرا اور کھائی گہری ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا تھا۔