لوگوں کیلئے کتنی نیند ضروری ہے، اب وزرا مشورہ دیں گے

July 14, 2019

لندن (پی اے) اطلاعات کے مطابق وزرا لوگوں کو یہ مشورہ جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں کہ انھیں ہر رات کتنی نیند لینی چاہئے یا کتنی دیر تک سونا ان کیلئے ضروری ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ سفارشات برطانیہ میں عوام کی صحت بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا ایک حصہ ہوں گی۔ ٹائمز کے مطابق ایک لیک ہونے والے مسودے کے مطابق برطانیہ میں 75فیصد بالغ افراد باقاعدگی سے کم از کم7گھنٹے نہیں سوتے ہیں۔ متنبہ کیا گیا ہے کہ کم سونے سے جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ وزرا ان شواہد کا جائزہ لینے پر غور کر رہے ہیں، مسودے کے مطابق کم سونے سے جو مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، ان میں موٹاپے، فالج، دل کے دورے، ڈپریشن اور گھبراہٹ جیسے امراض شامل ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیند میں کمی سے بیماری اور سرجری کے بعد صحتیابی میں بھی رکاوٹ پڑتی ہے۔ ہیلتھ سروسز کی جانب سے مریضوں کیلئے نیند کا ایک محفوظ وقت مقرر کئے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس کے دوران مریض کو ضروری طبی وجوہ کے سوا پریشان نہیں کیا جائے گا۔ مسودے کے مطابق پہلے قدم کے طور پر حکومت نیند اور صحت سے متعلق شواہد کا جائزہ لے گی، اس کا مقصد مختلف عمر کے لوگوں کو نیند کی ضرورت سے آگاہ کرنا اور صحت کیلئے نیند کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، جس سے صحت مندانہ نیند کی ضرورت نمایاں ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق وزیر صحت میٹ ہنکوک تجاویز کی پوری فہرست شائع کریں گے، جس میں اصل توجہ سگریٹ نوشی کے مسئلے سے نمٹنے اور موٹاپے کی شرح میں کمی کرنے، لوگوں کو امراض سے محفوظ رکھنے اور این ایچ ایس کے اخراجات میں کمی کرنے پر مرکوز رکھی جائے گی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے سرکاڈین نیورو سائنس کے پروفیسر رسل فوسٹر نے دی ٹائمز کوبتایا کہ اس بات کے وافر شواہد موجود ہیں کہ اچھی نیند سے ڈیمنشیا، ذیابیطس اور ڈپریشن سے بچائو میں مدد ملتی ہے۔