ڈھکن کھولو چیلنج... ہالی ووڈ سے لالی ووڈ تک!

July 28, 2019

سوشل میڈیا جب سے آیاہے نت نئے ٹرینڈز اور چیلنجز سامنے آتے رہتے ہیںجیسے کہ ڈائٹ چیلنج، آئس بکٹ چیلنج، کی کی ڈانس چیلنج وغیرہ۔ ان چیلنجز میں عام لوگوں سے لے کر فلمی ستاروں اور مشہور شخصیات بھی حصہ لیتی ہیں۔ان فلمی ستاروں میں صرف ہالی ووڈیا بالی ووڈ کے ہی نہیںبلکہ ہمارے لالی ووڈ کے نامور ستارے بھی شامل ہیں، جو چیلنج کو پورا کرنے میںاپنا کمال دکھاتے ہیں۔ آجکل نئی بوتل کا ڈھکن کھولنے کا چیلنج سوشل میڈیا پر سب فالو کررہے ہیں۔ اگرآپ سوشل میڈیا پر فعال رہتے ہیں تو آپ کو bottlecapchallage# ضرور نظر آیا ہوگا، جس میںلوگ بوتل کا ڈھکن ہاتھ سے کھولنے کے بجائے پیر سے کھول رہے ہیں اور ایک دوسرے کو چیلنج کررہے ہیںکہ اگر دم ہے تو ڈھکن کھول کر دکھاؤ!

اس چیلنج کا آغاز دراصل مارشل آرٹ کے ماہر فنکار فرابی ڈیولیچن نے انسٹا گرام پر اپنی ویڈیو اَپ لوڈ کرکے کیا تھا، جس میںانہوں نے کِک مار کر ڈھکن کھولنے کا کرتب دکھایا تھا۔ فرابی نے اپنے اس کرتب کو farakickschallenge# کا نام دیا تھا۔ فرابی نے مارشل آرٹکے ماہر اپنے امریکی دوست میکس ہالورے کے ساتھ اپنا یہ چیلنج شیئر کیا، جسے میکس نے قبول کیا اور اسے اپنا کر اپنے دوستوں کو یہ چیلنج پورا کرنے کو کہا۔ یہ چیلنج شاید ہم تک نہ پہنچتا اگر ہالی ووڈ اداکار جیسن اسٹیتھم ( ٹرانسپورٹرز فلم سیریز کے ہیرو) یہ کرتب نہ کرتے۔ جیسن نے جب اپنے پرستاروںکے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی تو ان کے پرستار بھی اس چیلنج کو فالو کرنے لگے۔ جیسن اسٹیتھم کو یہ چیلنج امریکی گلوکار جان میئر سے ملا تھا، جنہوں نے خود بھی اپنے اس چیلنج کی ویڈیو انسٹا گرام پر شیئر کی تھی ۔

مہوش حیات کا چیلنج قبول کرنا

اس چیلنج کو رواں سال تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے بھی قبول کیا اور اس دوڑ میںکئی پاکستانیوںکو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کمال خوبی سے بیک کک کے ذریعے بوتل کا ڈھکن کھولا اور اس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان کے چیلنج کی ویڈیو آپ سوشل میڈیا پر سلوموشن میں دیکھ سکتے ہیں۔ چیلنج پورا کرنے بعد کی خوشی ان کے چہرے پر بخوبی دیکھی جاسکتی ہے۔

چیلنج منفرد انداز میںکرنا

اس چیلنج کا ٹرینڈجب عام ہونے لگا تو سبھی اس کو پورا کرنے کی دوڑ میںلگ گئے اور کئی ایک نے اسے منفرد انداز میںکرنے کی کوشش کی۔ ہانگ کانگ کے مشہور اداکار ڈونی ین (آئی پی مینفلم سیریز کے ہیرو) نے تو یہ چیلنج آنکھوںپر پٹی باند ھ کر پورا کیا۔ ہالی ووڈکے مشہور اداکار ریان رونالڈ ز نے بھی اس چیلنج کو پورا کرنے کی ناکام کوشش کی، انہوں نے ڈھکن پر کک مارنے کے بجائے بوتل پر مار دی اور شرمندہ ہو کر دوسرے دروازے سے باہرنکل گئے۔ سوشل میڈیا پر ان کی اس مزاحیہ ویڈیو سے لاکھوں لوگ محظوظ ہوئے۔

بالی ووڈ اور ڈھکن کھولو چیلنج

یہ چیلنج جب بالی ووڈ پہنچا تواسے انجام دینے والوں میں اکشے کمار سرفہرست تھے۔ ان کی ماری ہوئی کِک سے بوتل کا ڈھکن کافی دور جا گرا اور اکشے نے ثابت کردیا کہ وہ واقعی عام زندگی میں بھی کھلاڑیوںکے کھلاڑیہیں۔ نوجوان نسل کے ایکشن ہیرو ٹائیگر شیروف نے اداکار ڈونی ین سے متاثر ہو کر یہ چیلنج پورا کیا یعنی اپنی آنکھوںپر پٹی باندھ کریہ چیلنج پورا کیا۔

اداکار کنال کھیمو نے تو کمال ہی کردیا، انہوں نے کک مارنے کے بجائے اپنے ہاتھ سے بوتل کا ڈھکن کھولا اور مزے سے پانی کی بوتل کو منہ سے لگایا اور مسکراتے ہوئے چلے گئے۔ ان کا کہنا تھاکہ جب ہاتھ سے کام بن جاتا ہے تو ضروری ہے کہ ہر کام میں ٹانگ اُڑائی جائے۔

سلمانخان کا چیلنج اور سوشل میسیج

سلمانخان تو کُنال سے بھی دو ہاتھ آگے نکلے ، لگتا تو یہی تھا کہ سلمان خان شاید بوتل ہی توڑ دیں۔ جم میںایکسرسائز کرتے سلمان خان کے سامنے جب پانی کی بوتل لائی گئی تو انہوں نے گھوم کر ڈھکن پر پھونک مار کر اسے گرادیا اور پھر بوتل لے کر غٹا غٹ پانی پی گئے۔ ان سے اسی قسم کے ایکشن کی توقع تھی۔ سلمان خان نے اس ویڈیو میں پیغا م دیا کہ ’’خود کو مت تھکائو بلکہ پانی بچائو !‘‘۔

عام لوگوں کی دلچسپی

جس طرح ’کی کی ڈانس چیلنج‘ میںہر کوئی چلتی گاڑی سے اتر کر ڈانس کرکے واپس گاڑی میںبیٹھ جاتاتھا، اسی طرح مختلف ممالک کے لوگ بھی اس چیلنج کو مختلف طریقوں سے انجام دینے لگے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کچن میںموجود ایک خاتون نےاپنی چپل مار کر کیچپ کی بوتل کا ڈھکن کھولا اور دیکھنے والوںکو ششدر کردیا۔ انھوں نے یہ ثابت کیا کہ ماںکی چپل صرف کھانے کیلئے نہیںہوتی بلکہ یہ کھانے والے کیچپ کی بوتل کا ڈھکن بھی کھول دیتی ہے۔ ایک صاحب نے غلیل کے ذریعے بیٹھے بیٹھے غلیل سے پتھر مار کر بوتل کا ڈھکن کھولا اور اس چیلنج کو انجام دے کر پھولے نہ سمائے۔