حکومت خارجہ پالیسی میں بھی ناکام ثابت ہو چکی :پیپلزپارٹی

August 16, 2019

ملتان( سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کونسل کے رکن غلام مصطفیٰ گیلانی کی طرف پارٹی عہدیداروںکے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم ، ڈویژنل صدر خالد حنیف لودھی، سٹی کے جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق، حبیب اللہ شاکر، ملک شاہ رخ، ملک آصف رسول اعوان، چوہدری یاسین، شیخ عمران ٹیپو، خواجہ عمران، ساجد بلوچ، نعیم شہزاد بھٹی، فرحان زیدی، ملک ندیم اختر، حسنین خان، ملک افتخار، ملک رمضان کمبوہ، شبیر قریشی سمیت دیگرعہدے داروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا پیارا ملک ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہمیں یہ ہرگز قبول نہیں جو کچھ مودی سرکار نے کشمیر کے ٹکڑے کرنے کیلئے کیا ہے اور افسوس کہ پاکستان کی موجودہ حکومت معاشی طور پر تو ناکام شروع دن سے ہی ہو چکی تھی لیکن خارجہ پالیسی بھی اس حکومت کی ناکام ثابت ہو چکی ہے وزیر خارجہ کا بیان دراصل حکومت کی پالیسی ہے اور ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر بھرپور لڑا جائے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے حق رائے دہی کا استعمال کر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کیا جائے ، حکومت کے انتقامی آمرانہ کردار نے جنرل ایوب اور جنرل ضیا کے مظالم کی یاد تازہ کر دی ہے حکومت سیاسی مخالفین کو سیاسی اخلاقی اور قانونی طور پر ہراساں کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے ۔