بھارتی وزیر کی دھمکی سے مرعوب ہونیوالے نہیں، خورشید شاہ

August 17, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر سیاستداں سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی پاور ہے، بھارتی وزیر دفاع کی دھمکی سے مرعوب ہونے والے نہیں۔

وہ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کر رہے تھے۔

سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے، اگر ہندوستان کو جنگ کا شوق پورا کرنا ہے تو کر لے پاکستان اس کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کا متنازع بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھارت کی جوہری حملے میں پہل نہ کرنے کی پالیسی میں تبدیلی کر سکتے ہیں، مستقبل میں اس کا انحصار حالات پر ہو گا۔

بھارت کے مغربی علاقے میں جوہری دھماکوں کے مقام پوکھران کے دورے کے موقع پر راج ناتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ متنازع بیان دیا ہے۔